۲۱ اپریل ۲۰۲۵


رپورٹ : رانا مالہی

اسلام آباد

پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو نے ریٹائرڈ ایئر مارشل جاوید سعید کی گرفتاری کے خلاف نظرثانی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل ایڈوکیٹ انعام الرحیم عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت میں دلائل دیتے ہوئے ایڈوکیٹ انعام الرحیم نے کہا کہ جاوید سعید ابھی تک غیر قانونی کسٹڈی میں ہے، ہم نے جو رٹ دائر کی تھی اسے بھی مسترد کردیا گیا، جبکہ پہلے بھی یہ تسلیم کرچکے ہیں کہ جاوید کو سزا ہو چکی ہے پھر بھی اسے حراست میں کیوں رکھا ہوا ہے۔ ہمیں ٹرائل کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا جارہا۔جس پر عدالت نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ کو پچھلی تاریخ کو بھی انہیں ریکارڈ فراہم کرنے کا کہا تھا۔

جس پر ایڈوکیٹ انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں ریکارڈ ہی فراہم نہیں کیا جائےگا تو ہم ٹرائل کو چیلنج کیسے کریں گے۔جس پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ اگلی سماعت تک پیش کرنے کا حکم دے دیا اور سماعت اگلے ہفتے منگل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ ریٹائرڈ ایئر مارشل جاوید سعید کی گزشتہ برس ان کے گھر سے گرفتاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔ درخواست گزار ان کی اہلیہ شازیہ جاوید نے ان کی بازیابی کے لیے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کی، جس میں وفاقی حکومت اور پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جاوید سعید کو غیر قانونی طور پر اور زبردستی حراست میں رکھا گیا ہے، جو آئین پاکستان کے تحت حاصل بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے، جن کا پاکستان دستخط کنندہ ہے۔

درخواست ایڈووکیٹ انعام الرحمٰن کی وساطت سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ ایئر مارشل (ر) جاوید سعید 18 مارچ 2021 کو ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے پی اے ایف میں اعلیٰ عہدے تک خدمات سرانجام دیں اور نمایاں کردار ادا کیا۔درخواست کے مطابق، انہیں یکم جنوری 2024 کو اسلام آباد کے سیکٹر E-9 میں واقع ان کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر سرکاری اہلکاروں نے اغوا کیا۔ پولیس اور پی اے ایف حکام سے رابطے کے بعد چند ہفتوں بعد اہلیہ کو شوہر سے ملاقات کی اجازت ملی۔

ملاقات کے دوران ایک انٹیلی جنس افسر کی موجودگی میں انکشاف کیا گیا کہ انہیں پی اے ایف نے حراست میں رکھا ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے قریب ہیں اور جلد رہائی متوقع ہے۔درخواست گزار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کی رہائی کے لیے پی اے ایف حکام سے مسلسل رابطے کی کوشش کی، لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ الٹا ان کے شوہر کی ریٹائرمنٹ پنشن بھی بغیر کسی قانونی جواز کے بند کر دی گئی۔

مزید برآں، درخواست گزار کے بطور ایک ریٹائرڈ پی اے ایف افسر کی اہلیہ کے میڈیکل حقوق بھی غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیے گئے۔ بعد ازاں احتجاج پر انہیں صرف پی اے ایف اسپتال ای-9 میں علاج کی اجازت دی گئی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے مگر جاوید سعید کو کسی قانونی کارروائی کے بغیر غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔ سینئر پی اے ایف افسران سے ملاقات کی کوششیں بھی ناکام رہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر ریٹائرڈ ایئر مارشل جاوید سعید کے خلاف کوئی الزامات ہیں، تو انہیں متعلقہ عدالت میں قانون کے مطابق چلایا جائے، نہ کہ اس طرح غیر قانونی طور پر زیرِ حراست رکھا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here