۲۱ اپریل ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
لاہور
سرگودھا کے علاقے خیام چوک میں ایک پرنٹنگ پریس پر مبینہ توہین آمیز مواد پر مبنی اسٹیکرز چھاپنے کے الزام میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ دو افراد روپوش ہیں۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ مقدمہ سرگودھا کے ساجد شہید پولیس اسٹیشن میں توہین مذہب کے الزامات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ سنی علماء کونسل ضلع سرگودھا کے جوائنٹ سیکرٹری نثار احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی کہ ایک پرنٹنگ پریس پر مبینہ طور پر توہین آمیز اسٹیکرز چھاپے جا رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو افراد فرار ہوگئے۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ ان اسٹیکرز کا ڈیزائن پرنٹنگ پریس میں موجود ایک غیر مسلم نوجوان نے تیار کیا، جبکہ پرنٹنگ پریس کا مالک اور اسکا آرڈر دینے والا شخص جس کا تعلق دوسرے مسلک سے ہے، دونوں اس کیس میں ملوث ہیں۔ نثار احمد نے مزید کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ یہ واقعہ علاقے میں انتشار پھیلانے کے لیے دانستہ طور پر کیا گیا ہے اور اس سے قبل بھی سرگودھا میں اسی نوعیت کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ان واقعات میں ملزمان کی نیت اشتعال انگیزی پیدا کرنا اور فرقہ واریت کو بڑھاوا دینا ہو سکتی ہے۔
واقعہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 295-A اور 298-A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دفعہ 295-A کے تحت مذہبی جذبات مجروح کرنے پر دس سال قید اور جرمانہ، جبکہ دفعہ 298-A کے تحت مقدس ہستیوں کی توہین پر تین سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔
وائس پی کے نے اس کیس کے تفتیشی افسر گل حمید سے رابطہ کیا تاکہ ان سے کیس کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔ تاہم، تفتیشی افسر نے اس معاملے کو حساس نوعیت کا قرار دیتے ہوئے مؤقف دینے سے معذرت کر لی اور کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی اس کیس میں مزید پیش رفت کی توقع ہے۔