22 اپریل 2025
سٹاف رپورٹ
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ افغانستان پاکستان پر انحصار کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے افغانستان سے پاکستان کا اچھا تعلق نہیں بن سکا جس کی وجہ سے خیبر پختونخواہ کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ افغانستان پر بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اس دورے سے متعلق خیبر پختونخواہ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا جبکہ افغانستان کے حوالے سے خیبر پختونخواہ سب سے بڑا سٹیک ہولڈر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے تعلقات کے ساتھ کے حوالے سے خیبر پختونخواہ کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے تھا اور اسحاق ڈار کے وفد میں کے پی حکومت کا نمائندہ بھی شامل ہونا چاہیے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے تھا اور اس کے بعد جو وفد دورہ کرے گا اس میں لازمی طور پر تمام صوبوں سے لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز کابل کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے افغان طالبان کی لیڈرشپ سے ملاقاتیں کر کے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔
افغان طالبان نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی جبری بےدخلی اور ان کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ پاکستان نے تحریک طالبان پاکستان کی پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کاروائیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اس دورے کے بعد پاکستان اور افغانستان نے انسداد دہشت گردی، مہاجرین کی واپسی اور بارڈر مینجمنٹ کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہےاور اس کمیٹی میں دونوں ملکوں کے انٹیلی جنس، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے حکام شامل ہوں گے۔
اس دورے کے حوالے سے میزبان منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ کیا پاکستان افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے تو زاہد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تب ہی افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کرے گا جب پوری دنیا کرے گی۔
افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی ہونی چاہیے لیکن ان کو اس حوالے سے مناسب وقت دینا چاہیے تاکہ وہ اپنے کاروبار اور اثاثوں کا کوئی بندوبست کر سکیں۔
افغان مہاجرین کے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ سب تو نہیں لیکن دہشتگردی کے کچھ واقعات میں افغان مہاجرین کا بھی گٹھ جوڑ تھا۔
زاہد خان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی ہونی تو ہے لیکن اسحاق ڈار کے دورے کے بعد پاکستان کی طرف سے افغان مہاجرین کے حوالے سے نرمی آئی ہے اور اب ان کی پکڑ دھکڑ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت سمجھتی ہے کہ ان کو اپنے مہاجرین کو واپس ملک میں بسانا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مہاجرین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے اور اگر آپ نے افغان ماہرین کو رکھنا ہے تو ان کو شہریت دے کر رکھیں تاکہ وہ پاکستان کےقانون کے تابع ہوں۔
زاہد خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ دنیا کے کسی کونے میں بھی کچھ ہوتا ہے تو پاکستان میں مہاجرین آ جاتے ہیں لیکن اس حوالے سے پاکستان کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کو مہاجرین کے حوالے سے کوئی پالیسی بنانی چاہیے۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں کراچی میں ہجوم کے ہاتھوں ایک احمدی شخص لئیق احمد چیمہ کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہلا رضا کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات پر سندھ اسمبلی میں ہمیشہ کھل کر بحث ہوئی ہے لیکن ان کے سدباب کے لئے مزید اقدامات بھی اٹھانے چاہئیں.
واضح رہے کہ لئیق احمد چیمہ تحریک لبیک کے خلاف احمدیوں پر تشدد کے ایک مقدمے میں عدالت میں بطور گواہ بھی پیش ہو رہے تھے۔
اس حوالے سے زاہد خان کا کہنا تھا کہ جب دوسرے ملکوں میں مسلمانوں کے ساتھ ایسے واقعات ہوتے ہیں تو ہم شور مچاتے لیکن جب پاکستان میں کسی کمیونٹی کے ساتھ ایسا ہوتا ہے تو خاموشی ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو اس ایسے واقعات کی مذمت بھی کرنی چاہیے اور اس حوالے سے قانون سازی بھی ہونی چاہیے۔