23 اپریل 2025
تحریر: رانا مالہی
اسلام آباد: مبینہ طور پر ایف آئی اے نے اسلام آباد کے صحافی اور یوٹیوبر اسد علی طور اور بلال غوری کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اہل خانہ کے بینک اکاؤنٹس بغیر کسی نوٹس کے منجمد کر دیے ہیں۔
اسد طور نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کے پنشن اکاؤنٹ کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ انہیں کسی ادارے کی جانب سے کوئی نوٹس یا وضاحت نہیں دی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا، “جب ہم نے اس معاملے پر متعلقہ بینکوں سے رابطہ کیا، تو انہوں نے اکاؤنٹس فریز کرنے کی کوئی تسلی بخش وجہ نہیں بتائی۔”
اسد طور اور بلال غوری کے علاوہ، سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے ایک قریبی رشتے دار کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کیا گیا ہے۔ مطیع اللہ جان نے وائس پی کے کو بتایا کہ یہ کارروائی ایف آئی اے کے احکامات کے تحت کی گئی ہے۔ “میرے ذارئع کے مطابق یہ اکاؤنٹس ایف آئی اے کے ہدایت پر بلاک کیے گئے ہیں.”
سینئر وکیل اور سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے مطابق، بینک اکاؤنٹس صرف اسی صورت میں منجمد کیے جا سکتے ہیں جب کسی شخص کے خلاف مالی بدعنوانی کا مقدمہ زیرِ سماعت ہو۔ ان کے بقول قانون کے مطابق، کسی کے اکاؤنٹس بغیر کسی مقدمے یا عدالتی اجازت کے فریز نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرا صحافیوں کو ہائی کورٹ اسکے خلاف پٹیشن دینی چاہیئے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 2024 میں ایک فیصلے میں کہا تھا کہ ایف آئی اے کو کسی بھی شخص کا اکاؤنٹ بغیر عدالتی اجازت کے منجمد کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔اسی تناظر میں، وکیل عبدالمعیز جعفری نے بتایا کہ ایف بی آر کو بھی بغیر نوٹس جاری کیے کسی کے اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کا حق نہیں۔”قانونی طور پر، اداروں کو کسی بھی کارروائی سے پہلے متعلقہ فرد کو مطلع کرنا ضروری ہے،” عبدالمعیز جعفری نے وائس پی کے کو بتایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے نے سینئر سیاستدان اور انسانی حقوق کے رہنما فرحت اللہ بابر کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات پر تحقیقات شروع کی تھیں، جس میں ان سے پچھلے 15 سال کے ٹیکس ریکارڈز اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔
سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ حکومت، ایف آئی اے کو صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، جس کا مقصد ان کی آواز دبانا ہے۔