25 اپریل 2025
تحریر: اسلام گل
پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی رہائشی ریشمہ نے اپنے افغان شوہر طارق خان کو پاکستانی شہریت دلوانے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کے انخلاء کے موجودہ عمل نے انہیں خدشے میں ڈال دیا ہے کہ کہیں ان کے شوہر کو زبردستی افغانستان نہ بھیج دیا جائے۔ ریشمہ کے مطابق، اگرچہ ان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ موجود ہے، لیکن ان کے شوہر اور چار بچوں کے پاس کوئی قانونی دستاویزات نہیں ہیں۔
*”ہم پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں رہتے ہیں۔ نہ میں، نہ میرے بچے، اور نہ ہی میرے شوہر کبھی افغانستان جانا چاہیں گے۔ وہاں نہ تو ہمارا کوئی گھر ہے، نہ زمین، اور نہ ہی روزگار کا کوئی ذریعہ—تو ہم وہاں کیسے زندگی گزار پائیں گے؟ یہاں میرے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، لیکن افغانستان میں ان کا کوئی مستقبل نہیں۔ میرے چار میں سے تین بچے سکول جاتے ہیں، لیکن چھوٹے بیٹے کو، جس کی عمر پانچ سال ہے، ‘فام ب’ نہ ہونے کی وجہ سے داخلہ نہیں دیا جا رہا۔”*
آج ریشمہ کے مقدمے کی دوسری پیشی تھی، لیکن پولیس کی گرفتاری کے خوف سے ان کے شوہر کی بجائے ان کی بوڑھی ماں شمشاد بی بی اور چھوٹا بیٹا عدالت پہنچے۔ شمشاد بی بی نے بتایا کہ ان کی دو بیٹیوں کی شادی افغان بھائیوں سے ہوئی تھی، اور وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ اگر یہ خاندان افغانستان چلا گیا تو وہ ہمیشہ کے لیے اپنے پیاروں سے جدا ہو جائیں گی۔
“مجھے بہت دکھ ہو رہا ہے۔ میں مردان سے ٹیکسلا آئی، پھر یہاں سے پشاور ہائی کورٹ۔ ہم خود بھی خوفزدہ ہیں—کہیں پولیس ہمیں گرفتار نہ کر لے۔ اگر ہمیں اندازہ ہوتا کہ ایسے حالات پیش آئیں گے، تو ہم کبھی یہ رشتے نہ کرتے۔”
ریشمہ کے وکیل، ایڈووکیٹ اجمل خان اتمان خیل، کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین مرد و عورت کے حقوق برابر قرار دیتا ہے، لیکن پاکستانی شہریت ایکٹ 1951 کے تحت صرف غیرملکی خواتین کو پاکستانی مرد سے شادی پر شہریت کا حق حاصل ہے، جبکہ پاکستانی خواتین کے غیرملکی شوہروں کو یہ حق نہیں دیا جاتا—جو کہ آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ “2008 میں فیڈرل شریعت کورٹ نے ایک فیصلے میں واضح کیا تھا کہ شہریت کے معاملے میں مرد و عورت کے حقوق یکساں ہیں، لیکن حکومت نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، اور اب تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔”
ریشمہ کے شوہر طارق خان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں روزگار میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ ریڑھی پر سبزی بیچتے تھے، لیکن یکم اپریل کے بعد سے پولیس کی گرفتاری کے ڈر سے کام پر نہیں جا پا رہے۔ “پولیس کھلے عام اعلان کرتی ہے کہ افغانوں کو گرفتار کیا جائے گا—خواہ وہ مرد ہوں، عورتیں ہوں یا بچے۔ ہم خوف کے سائے میں جی رہے ہیں۔ میرا شوہر ہفتوں سے گھر بیٹھا ہے، کیونکہ اسے ڈر ہے کہ پولیس اسے پکڑ لے گی۔ کئی بار پولیس ہمارے گھر آ چکی ہے—میں اپنا شناختی کارڈ دکھا کر بچ جاتی ہوں، لیکن شوہر کے بغیر گھر کا گزارہ مشکل ہو رہا ہے۔ اگر میرے شوہر کو پاکستانی شناختی کارڈ مل جائے، تو ہمارے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔ میں اپنے بچوں کے مستقبل کو لے کر سخت پریشان ہوں۔”
جہاں یکم اپریل سے ای سی سی کارڈ رکھنے والے اور غیرقانونی طور پر مقیم افغانوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے، وہیں پاکستانی شہریت سے متعلق مسائل پر عدالتوں میں دائر مقدمات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔