26 اپریل 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: جمعہ کے روز حکومت نے بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی اور شفافیت کے فروغ کے لیے “وسل بلوور تحفظ اور نگرانی کمیشن ایکٹ، 2025” سینیٹ میں پیش کر دیا۔ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے یہ بل ایوان میں پیش کیا، جسے چیئرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا تاکہ اس پر مزید غور و خوض کے بعد رپورٹ پیش کی جا سکے۔

بل کے مطابق، ملک بھر میں “مخبر کے تحفظ اور نگرانی کے لیے کمیشن” قائم کیے جائیں گے، جس کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوگا، تاہم کمیشن اپنی ضرورت کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں دفاتر قائم کرنے کا بھی مجاز ہوگا۔

کمیشن انتظامی اور عملی طور پر آزاد ہوگا، اور حکومت کمیشن کی خودمختاری کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے لیے اپنی بہترین کوششیں کرے گا۔

کمیشن کم از کم تین ارکان پر مشتمل ہوگا، جن میں ایک چیئرمین شامل ہوگا، اور حکومت کو اختیار ہوگا کہ وقتاً فوقتاً اراکین کی تعداد میں اضافہ کر سکے۔ بل میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی فرد، ادارہ یا ایجنسی کمیشن کو بدعنوانی سے متعلق معلومات فراہم کر سکتی ہے، بشرطیکہ مخبر تحریری ڈکلیریشن دے کہ فراہم کردہ معلومات درست ہیں۔ معلومات کو تحریری طور پر دستاویزات اور دیگر مواد کے ساتھ پیش کرنا ہوگا۔ جعلی شناخت یا گمراہ کن معلومات کی صورت میں کمیشن اس پر کارروائی کا پابند نہیں ہوگا۔

حساس معلومات قبول نہیں کی جائیں گی

بل میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایسی معلومات جو پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، سیکورٹی، اسٹریٹجک یا معاشی مفادات کے خلاف ہوں، یا جو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ممنوعہ ہوں، یا جو کسی جرم پر اکسانے کا باعث بنیں، قبول نہیں کی جائیں گی۔ اسی طرح کابینہ کے ریکارڈ، عدالت یا پارلیمنٹ کے استحقاق سے متعلق معلومات، تجارتی راز، امانت میں دی گئی معلومات، یا ایسی معلومات جو کسی غیر ملکی ریاست نے خفیہ طور پر فراہم کی ہو، بھی ناقابل قبول ہوں گی۔کمیشن کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی شخص کو طلب کرے، حلف پر بیان ریکارڈ کرے، ریکارڈ اور شواہد طلب کرے اور ضرورت پڑنے پر عوامی ریکارڈ کا معائنہ کرے۔ مجاز افسران کو حکومتوں، بینکوں اور مالیاتی اداروں سے مکمل تعاون اور معلومات حاصل کرنے کا بھی اختیار حاصل ہوگا۔ کمیشن مخبر کی فراہم کردہ معلومات کی ساٹھ دن کے اندر جانچ کرے گا، اور اگر مزید تحقیقات یا فوجداری کارروائی کی ضرورت ہو تو معاملہ متعلقہ ادارے کو بھیج دیا جائے گا۔

مخبروں کے لیے انعام اور قانونی تحفظ

بل میں مخبروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ مخبر اگر نقصان یا انتقامی کارروائی کا نشانہ بنتا ہے تو وہ کمیشن کے سامنے درخواست دے سکتا ہے، جو مناسب کارروائی کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو بھیجی جائے گی۔ صحیح معلومات فراہم کرنے والے مخبر کو برآمد شدہ رقم کا 20 فیصد حصہ انعام کے طور پر دیا جائے گا، جبکہ اس کے ساتھ تعریفی سند بھی جاری کی جائے گی۔ اگر مخبروں کی تعداد زیادہ ہو تو انعامی رقم برابر تقسیم کی جائے گی۔

سیاسی ردعمل اور ماہرین کی رائے

حکومتی ارکان نے بل کو بدعنوانی کے خلاف جنگ میں “ایک سنگ میل” قرار دیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ “یہ قانون بدعنوان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرے گا اور ایماندار شہریوں کو تحفظ فراہم کرے گا۔ بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے عوام کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔”

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد وسیم نے بل پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “مخبر کا تحفظ یقیناً ضروری ہے، لیکن اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ یہ قانون سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہ ہو۔” انہوں نے مزید کہا کہ “ہم بل کی تفصیلات کمیٹی میں دیکھیں گے اور اپنی تجاویز پیش کریں گے۔”

سینیئر قانون دان ہارون الرشید نے میڈیا پر بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ “شفافیت کے فروغ اور ادارہ جاتی احتساب کے لیے اس قسم کی قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “مخبر کو تحفظ دیے بغیر کرپشن کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔” سول سوسائٹی کے نمایاں کارکنان نے بھی بل کا خیرمقدم کیا تاہم انہوں نے زور دیا کہ “قانون پر مؤثر عملدرآمد کے لیے سیاسی مداخلت سے کمیشن کو مکمل آزاد رکھنا ہوگا، ورنہ اچھے ارادے بھی ضائع ہو سکتے ہیں۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل 2019 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے “مخبر کے تحفظ اور نگرانی کمیشن آرڈیننس” کے تحت ایسا ہی قانون متعارف کرانے کی کوشش کی تھی، تاہم وہ آرڈیننس وقت پر پارلیمان سے منظوری حاصل نہ کر سکا اور خودبخود غیر مؤثر ہو گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماضی کی ناکامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار قانون کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here