28 اپریل 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: پاکستان میں صحافت کو طویل عرصے سے ایک خطرناک پیشہ سمجھا جاتا رہا ہے، جہاں صحافیوں کو اغوا، حملوں اور ہراسانی جیسے سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہی خدشات کے پیشِ نظر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے “جرنلسٹ الرٹ” کے نام سے ایک موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے۔

اس ایپ کی خصوصیات اور افادیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بھٹ نے بتایا کہ اس منصوبے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق اور میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کے نمائندے شریک رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپ کا بنیادی مقصد صحافیوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال — جیسے اغوا، حملہ یا ہراسانی — کے دوران فوری طور پر اپنی لوکیشن کے ساتھ مدد طلب کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر تارق ورک نے کہا کہ “یہ ایپ خاص طور پر صحافیوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد، کسی بھی ناگہانی واقعے کی اطلاع دینا محض ایک بٹن دبانے کی دوری پر ہوگا۔”

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جوائنٹ سیکریٹری سہرش قریشی نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہ ایپ اسلام آباد ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے صحافیوں کو مشکل وقت میں فوری مدد حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔”

صحافیوں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی اس نئی کوشش کا مقصد انہیں مزید بااعتماد بنانا اور آزادی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ ساتھ ہی، تمام حملوں اور دھمکیوں کا ریکارڈ ایک ہی جگہ محفوظ کیا جائے گا، جسے ضرورت پڑنے پر مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here