29 اپریل 2025
سٹاف رپورٹ:
پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس بات کے حق میں نہیں ہیں کہ پاکستان بھی انڈیا کے ساتھ شملہ معاہدہ سمیت دیگر دو طرفہ یا بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرے لیکن اگر انڈیا اس حوالے سے آگے بڑھتا رہتا ہے تو پھر پاکستان کو بھی دوطرفہ معاہدوں کو برقرار رکھنےکے حوالے سے غور کرنا پڑ سکتا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے اور سندھ طاس معاہدے پر انڈیا قانونی لحاظ سے کمزور پوزیشن میں ہے کیوں کہ دنیا میں امن سفارتکاری سے آتا ہے اور سفارتکاری کی بنیاد دو طرفہ معاہدے ہی ہوتے ہیں.
‘پانی بند کرکے انڈیا نے واضح کر دیا کہ اس کا مسئلہ دہشتگردی نہیں’
واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد انڈیا نے یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ پانی کی تقسیم کے حوالے سے انیس سو ساٹھ میں کیا گیا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے جواب میں پاکستان نے کہا تھا کہ وہ بھی انڈیا کے ساتھ شملہ معاہدہ سمیت دیگر معاہدے معطل کرنے کا حق رکھتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا غیر قانونی ہے اور جب آپ بیس کروڑ لوگوں کا پانی بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں تو اس سے واضح ہوتا ہے آپ کا مسئلہ دہشتگردی نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کشمیر کے مسلمانوں کے گھر تباہ کر کے ان کو اجتماعی سزا دے رہا ہے۔
*’مودی حکومت اپنی کمزوریوں کو چھپانے کے لئے مسلمانوں اور پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے’ *
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انڈیا اپنی اندرونی اور بیرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لئے مسلمانوں اور پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کرتا ہے اور مودی حکومت کو جب کوئی اندرونی مسئلہ ہو تو اس کا الزام مسلمانوں پر ڈال دیتی ہےاور بیرونی مسائل کا الزام پاکستان پر ڈال کر اپنی اپنی عوام کو گمراہ کرتی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب بھی انڈیا میں کہیں بھی دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو وہ پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیتا ہے اور اپنی عوام کو دکھانے کے لئےکوئی سٹرائیک کر دیتا ہے لیکن اس دفعہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرکے بھارت نے انتہا پسندانہ قدم اٹھایاہے کیونکہ پانی کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور ماضی میں پاک بھارت جنگوں میں ابھی ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا تھا۔
‘اگر بھارت پہلگام کی نیوٹرل انکوائری پر رضامند نہیں ہوتا تو بے نقاب ہوجائے گا’
ان کا مزید کہنا تھا کہ مودی کا ہندوستان بےنقاب چکا ہے اور یہ اندرونی اور بیرونی مسائل پر انتہا پسند موقف رکھتا ہے اگر انڈیا دہشتگردی کا خاتمہ چاہتا ہے تو وہ بات چیت سے ہی حل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی حکومت کی طرف پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروانے کی پیشکش کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت پہلگام کی نیوٹرل انکوائری پر رضامند نہیں ہوتا تو بے نقاب ہوجائے گا۔
پاک انڈیا کشیدگی میں امریکا کےکردار پر بات کرتے ہوئےسابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا مذاکرات کر کے اپنے مسائل حل کریں۔ پاکستان تو بات چیت چاہتا ہے لیکن انڈیا ایسا نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ہزار انیس میں امریکا نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلئے کردار ادا کیا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔
‘نان اسٹیٹ ایکٹرز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا’
نان اسٹیٹ ایکٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز ملکوں کے لئے مسئلے کھڑے کر رہے ہیں۔ سقوط کابل کے بعد پاکستان میں علحیدگی پسند اور مذہبی انتہا پسند نان اسٹیٹ ایکٹرز حملے کر رہے ہیں۔ ہمیں بین الاقوامی سطح پر نان سٹیٹ ایکٹرز کا کوئی مشترکہ بندوبست کرنا ہوگا تاکہ دہشت گردی کے واقعات کا خاتمہ ہو سکے.
خواجہ آصف کے ماضی میں دہشتگردوں کی تربیت کرنےسے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ ماضی میں دنیا کے مختلف ممالک نان اسٹیٹ ایکٹرز کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں لیکن پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے پالیسی کو تبدیل کیا اور اعلان کیا کہ یہ تنظمیں اب ہماری دشمن ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی لسٹ سے بھی نکلنے میں کامیاب ہوا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ دو ہزار نو میں شرم الشیخ میں بھارتی وزیر اعظم یہ مان چکے ہیں کہ انڈیا بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کو سپورٹ کرتا ہے اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا پاکستان کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے بغیر انڈیا سے بات چیت کر سکتا ہے، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ
پاکستان اور انڈیا کے درمیان تب ہی امن ممکن ہو سکے گا جب دونوں ملک کشمیر کے مسئلے کو کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل کریں۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ انڈیا ہر دہشتگردی کے واقعے کے بعد پاکستان سے پانچ یا دس سال بات ہی نہ کرے۔ پاکستان کے مفاد میں ہے کہ سفارتکاری سے مسائل کا حل نکلے۔
‘فرحت الله بابر پر الزام لگانا مذاق ہے’
پاکستان کی اندرونی سیاست پر بات چیت کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے یقین دلایا تھا کہ نئی نہروں کی تعمیر تمام صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر نہیں ہوگی نگران حکومت کے فیصلوں کو واپس لیا جائے گا اور پاکستان پیپلز پارٹی اس سے کم پر راضی نہیں ہوگی۔
فرحت الله بابر کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری سے متعلق بات کرتے بلاول بھٹو نے اس کی مذمت کی اور کہا کہ فرحت الله بابر پر الزام لگانا مذاق ہے بلکہ یہ الزام لگانے والے ادارے کا مذاق اڑوانے کے برابر ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کا رویہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ایسا ہے، جو کہ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے تو مخالفین کے ساتھ آپ کا رویہ کیسا ہوگا۔
بلوچستان کے مسئلے اور خواتین سیاسی کارکنان کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنان کو حراست میں نہیں لینا چاہتی لیکن کبھی کبھار سیاسی کارکن ایسے فیصلے لیتے ہیں کہ حکومتوں کو سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ ہم چاہتے یہ ہیں کہ بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالیں اور دہشتگردی چاہے علیحدگی پسند کریں یا مذہبی تنظمیں کریں ان کا خاتمہ کرنا ہوگا۔