۲۹ اپریل ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

وہاڑی کے علاقے دانیوال میں خواجہ سرا پر مبینہ طور پر تشدد اور اغواء کی کوشش کے واقعہ میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ 23 اپریل کو پیش آیا، جب خواجہ سرا شہزادی کو تیرہ سے چودہ افراد نے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا اور گن پوائنٹ پر اغواء کرنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں عاطف، عمران اور طاہر جاوید شامل ہیں جنہیں عارف والا کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

متاثرہ خواجہ سرا شہزادی کی مدعیت میں دانیوال تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ رات کے وقت اپنے ایک ساتھی کے ساتھ فنکشن سے واپس آرہی تھیں۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں رانا پھول، رانا مون، راشد، عاطف، وقار، بلال اور دیگر نامعلوم افراد شامل ہیں۔ متاثرہ کے بیان کے مطابق ملزمان نے آتے ہی تشدد شروع کر دیا اور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔ شور سن کر لوگ جمع ہو گئے جس پر ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق جاتے وقت ملزمان متاثرہ کے دو موبائل فون، پچاس ہزار روپے نقدی، ایک انگوٹھی اور سونے کی چین بھی ساتھ لے گئے۔ ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ ملزمان متاثرہ سے دوستی کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے اور انکار پر انتقامی کارروائی کے طور پر یہ تشدد اور اغواء کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے مقدمے میں دفعہ 382، 365، 511، 148 اور 149 شامل کی ہیں۔

واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے جس میں کچھ افراد خواجہ سرا پر تشدد کرتے اور انہیں گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آئی اور واقعہ کی ایف آئی آر درج کی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ۔

ڈی پی او وہاڑی محمد افضل نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پولیس کی ٹیموں نے واقعے میں ملوث افراد کو ٹریس کرنے کے لیے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کیے۔ ان کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ پولیس ٹرانسجینڈر کمیونٹی سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 21 اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خواجہ سرا کو شادی کی تقریب میں شرکت کے بہانے بلا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خواجہ سرا کو ایف-10 مرکز سے ایک شخص اپنے ساتھ جی-13/جی-14 میں واقع گھر میں لے گیا جہاں اس نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر نہ صرف تشدد کیا بلکہ جنسی استحصال کا بھی نشانہ بنایا۔

متاثرہ خواجہ سرا کے بیان کے مطابق واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی جس پر تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here