02 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: ستمبر 2023 میں پاکستان کی جانب سے افغان باشندوں کی ملک بدری کی مہم کے آغاز کے بعد سے اب تک 860000 سے زائد افغان شہری وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ یہ مہم ان افراد پر مشتمل ہے جو یا تو غیر قانونی طور پر مقیم تھے یا مہاجرین کے طور پر پاکستان میں رہ رہے تھے۔ یہ اقدام غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق پاکستان کے منصوبے آئی ایف آر پی (غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی منصوبہ) کا حصہ ہے، جس کے تحت افغان شہریوں کو مرحلہ وار ملک بدر کیا جا رہا ہے۔
آئی ایف آر پی کے پہلے مرحلے میں غیر دستاویزی افغانوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں اے سی سی (افغان سٹیزن کارڈ) رکھنے والے افراد کو یکم اپریل 2025 تک پاکستان چھوڑنےکا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی تنظیم برائے نقل مکانی (آئی او ایم) کے مطابق، 15 ستمبر 2023 سے 5 اپریل 2025 تک 861763 افغان شہری افغانستان واپس جا چکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر خیبر پختونخوا کے دو بڑے سرحدی راستوں، طورخم اور غلام خان، کے ذریعے وطن واپس لوٹے۔ رپورٹ کے مطابق 72 فیصد افراد کے پاس کوئی قانونی دستاویزات نہیں تھیں، 22 فیصد کے پاس اے سی سی کارڈز تھے، جبکہ چھ فیصد نے پی او آر (پروف آف رجسٹریشن) کارڈز دکھائے۔
محض چار اپریل 2025 کو ہی 4908 افغان شہری واپس گئے، جن میں سے 2475 کے پاس اے سی سی تھا۔ ان میں سے 2125 نے رضا کارانہ طور پر واپسی اختیار کی جبکہ 350 افراد کو زبردستی ملک بدر کیا گیا۔ علاوہ ازیں 2433 افراد بغیر دستاویزات کے واپس گئے، جن میں 1913 نے خود واپسی اختیار کی اور 520 افراد کو زبردستی بھیجا گیا۔
دوسرے مرحلے کے آغاز (یکم اپریل 2025) سےاب تک 16242اے سی سی رکھنے والے افراد پاکستان چھوڑ چکے ہیں، جن میں 9439 افراد نے خود سے واپسی کی اور 6803 افراد کو جبراً نکالا گیا۔
سرحدی دباؤ اور انسانی بحران
پاکستان کی اس وسیع سطح کی بے دخلی مہم نے افغانستان کے سرحدی علاقوں، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان، پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔ طورخم اور غلام خان جیسے داخلی راستے مہاجرین کی بڑی تعداد سے بھر گئے ہیں۔ پنجاب اور اسلام آباد سے آنے والے افغانوں کو پشاور اور لنڈی کوتل کے عبوری کیمپوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی رجسٹریشن کے بعد انہیں افغانستان واپس بھیجا گیا۔
آئی او ایم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، 20 سے 26 اپریل کے درمیان واپس جانے والےافغانوں کی اکثریت کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اور 65 فیصد افراد نے اعتراف کیا کہ وہ بغیر اجازت کے پاکستان میں مقیم تھے۔
بے دخلی کے اثرات
پاکستان سے افغانوں کی جبری بے دخلی نے افغانستان کی پہلے سے کمزور معیشت پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ تعلیم، صحت، اور بنیادی انسانی امداد جیسے شعبے پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں، اور واپس آنے والے لاکھوں افراد اس میں مزید دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔
افغانستان میں اس وقت تقریباً 3.22 ملین اندرونِ ملک بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) موجود ہیں، جبکہ 1.65 ملین افغان حال ہی میں وطن واپس لوٹے ہیں۔ یہ صورت حال ملک کے لیے ایک اور انسانی بحران کا سبب بن چکی ہے کیونکہ لاکھوں افراد کو فوری امداد درکار ہے۔
مذہبی اقلیتوں کو خطرہ
امریکی کمیشن برائےبین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے افغان پناہ گزینوں کی واپسی، خصوصاً مذہبی اقلیتوں کےحوالے سے، شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان میں شیعہ ہزارہ، احمدی، سکھ اور عیسائی شامل ہیں، جو طالبان کی سخت گیر پالیسیوں کے تحت شدید خطرات کا شکار ہیں۔
یو ایس سی آئی آر ایف کے چیئرمین، اسٹیفن شینک نے خبردار کیا ہے کہ طالبان حکومت کے تحت مذہبی اقلیتوں کو تشدد، جبری تبدیلی مذہب، غیر قانونی گرفتاریوں اور جسمانی سزاؤں کا سامنا ہو سکتا ہے، جبکہ خواتین اور لڑکیاں زیادہ خطرے میں ہیں۔
خواتین و بچیوں پر طالبان کی پابندیاں
2021 میں طالبان کے دوبارہ برسرِ اقتدار آنے کے بعد افغان خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم، ملازمت اور عوامی زندگی سے تقریباً مکمل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے اس پالیسی کو “gender apartheid” یعنی صنفی امتیاز قرار دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کے مطابق، خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں عدم شرکت کی وجہ سے افغانستان کو 2024 سے 2026 کے دوران 920 ملین ڈالر (یعنی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً چھ فیصد) کا نقصان ہوگا۔ یو این ڈی پی کے نمائندے اسٹیفن روڈریکس نے بتایا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل خواتین کی ملازمت کی شرح پندرہ فیصد تھی، جو اب صرف سات فیصد رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق، اگر خواتین کو کام کرنے اور آزادانہ سفر کی اجازت دی جائے تو روزگار میں اضافہ اور عالمی امداد کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔