03 مئی 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: دنیا بھر میں آج ورلڈ پریس فریڈم ڈے منایا جا رہا ہے، مگر پاکستان میں صحافت کی آزادی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف صحافی رہنماؤں اور کارکنوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک میں آزادی صحافت صرف ایک خواب بن چکی ہے، جبکہ صحافیوں کو سنسرشپ، قانون سازی، اور مالی مسائل جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

“پاکستان میں صحافت کبھی مکمل طور پر آزاد نہیں رہی”، اظہار جتوئی

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہار جتوئی کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں صحافت مکمل طور پر آزاد نہیں، تاہم پاکستان میں آزادی اظہار کو ہمیشہ محدود رکھنے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ “صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ اگر صحافت آزاد ہو گی تو جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔”

انہوں نے فیک نیوز کی مذمت کرتے ہوئے ایک نئی ایپ کے اجراء کا ذکر کیا جو صحافیوں کی سیکیورٹی میں مدد دے گی۔

“پیکا قوانین نے آزاد صحافت کا گلا گھونٹ دیا”، ناصر زیدی

سینیئر صحافی اور سینیٹر ناصر زیدی نے ماضی کے مارشل لاؤں، ایوب خان، ضیاء الحق اور دیگر ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافت ہمیشہ سے قید رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “آج کا دور بدترین ہے۔ پیکا قوانین کے تحت صحافیوں پرجھوٹے مقدمات بن رہے ہیں، ان کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، حتیٰ کہ ان کے خاندانوں کے اکاؤنٹس تک فریز کیے جا رہے ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اب صرف درباری صحافت ہی ممکن ہے”۔

“آزادی صحافت ایک خواب بن چکی ہے”، طارق ورک

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق ورک کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی جمہوری دور ہو یا آمریت، ہر حکومت نے صحافت کو دبانے کی کوشش کی۔

انہوں نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PMDA) بل کے خلاف احتجاج کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا “ہم نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے 24 گھنٹے دھرنا دیا۔ آج بھی آزادی صحافت کے لیے جدوجہد جاری ہے۔”

“صحافت صرف لفظوں میں آزاد ہے، حقیقت میں نہیں”، ثاقب راٹھور

اسلام آباد کے سینئر رپورٹر ثاقب راٹھور نے کہا کہ پاکستان صحافت کی آزادی کے عالمی انڈیکس میں 152ویں نمبر پر ہے، مگر پھر بھی کہاجاتا ہےکہ صحافت آزاد ہے۔

انہوں نے کہا، “ہزاروں طلبا صحافت کی ڈگری لے کر نکلتے ہیں، لیکن پیکا قوانین کی وجہ سے وہ میدان میں آنے سے ڈرتے ہیں۔ صحافیوں کے لیے کوئی ویلفیئر نہیں، کیمرہ تو انشورڈ ہوتا ہے مگر کیمرہ مین نہیں۔”

انہوں نے حکومت پر صحافیوں کی فلاح سے چشم پوشی کا بھی الزام لگایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here