07 مئی 2025

تحریر: کلیم اللہ


لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج سویلین کے کورٹ مارشل کیس میں انٹرا کورٹ اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے آرمی ایکٹ کی کالعدم کی گئی شقوں کو اکثریتی فیصلے سے بحال کردیا ہے۔ تاہم، دو ججوں، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان، نے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔

اکثریتی فیصلے میں حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 45 دنوں کے اندر پاکستان آرمی ایکٹ میں ضروری ترامیم کرے تاکہ ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ سویلین افراد کو ہائی کورٹ میں اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق مل سکے۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے وائس پی کے کو بتایا کہ “سویلین افراد کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل سرے سے ہونا ہی نہیں چاہیے کیونکہ یہ فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے۔”

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ “سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے ریاست اور معاشرہ مزید میلیٹرائزڈ ہوجائے گا۔”

سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سال 2023 میں پاکستانی فوج نے تحریکِ انصاف کے نو مئی احتجاج میں ملوث مظاہرین کے خلاف آرمی ایکٹ کے سیکشن 2(1)(ڈی) کے تحت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ یہ شق جاسوسی، عسکری راز فراہم کرنے اور فوجیوں کو حکم نہ ماننے پر اکسانے سے متعلق ہے۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے سال 2023 میں سویلین افراد کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل کالعدم قرار دیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here