09 مئی 2025
تحریر رانا مالہی
اسلام آباد: بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گزشتہ رات سے پاکستان کے مختلف شہروں، خصوصاً اسلام آباد اور راولپنڈی پر مبینہ بھارتی حملے کی بے بنیاد افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ پاکستانی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ نے اس پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وائس پی کے نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کے متعدد اراکین سے خصوصی گفتگو کی، جنہوں نے اس مہم کو بھارت کی جنگی حکمت عملی کا ایک منظم حصہ قرار دیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح الفاظ میں کہا، “یہ جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا ہے ہندوستان کی طرف سے۔ مار بھی کھا رہے ہیں اور اوپر سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ وہ اپنی عوام کو مطمئن رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ جو ذلت انہوں نے اٹھائی ہے، وہ تو نہیں بتائیں گے۔ لیکن ان کا جھوٹ بے نقاب ہوتا جا رہا ہے۔”
انہوں نے تصریح کی کہ پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی جا چکی ہے، تاہم پاکستان نے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارت نے عام شہریوں اور مساجد پر حملے کیے تھے۔ “ہم شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنائیں گے، ہماری کارروائی صرف فوجی ٹھکانوں تک محدود رہے گی۔”
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعووں کو “فحاشی” سے تعبیر کرتے ہوئے کہا، “یہ محض میڈیا کی پیداوار نہیں بلکہ ان کی اسٹیبلشمنٹ اور جنگی مشینری کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے۔ پاکستان کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، لیکن جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ یہ ہندوتوا کی جنگی مشین ہے جو نفرت اور تشدد کو فروغ دے رہی ہے۔”
انہوں نے بابری مسجد سے تاج محل تک کے تاریخی حوالوں سے ہندوتوا نظریے کی انتہاپسندی کو بے نقاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کے اندر خود بھی خطرناک اور تقسیمی رجحانات پنپ رہے ہیں۔
سابق رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا پُرامن حل نکالیں۔ انہوں نے خبردار کیا، “جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ اگر ہم جوابی کارروائی کے سلسلے میں الجھتے گئے تو نقصان دونوں ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔”
انہوں نے سعودی عرب اور امریکی وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ دونوں ممالک کو ایک مشترکہ سفارتی وفد کے ذریعے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی علی حیدر گیلانی نے قوم کے بلند حوصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عملی طور پر شکست تسلیم کر لی ہے۔ “ان کے آئی پی ایل ٹورنامنٹ ملتوی ہو چکے ہیں، بیرونی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، اور ان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے، جبکہ پاکستان کو محدود مالی اثرات کا سامنا ہے۔”
رکن قومی اسمبلی سہر کامران نے پاکستان کی پیشہ ورانہ جوابی کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “پاکستان نے جس استحکام اور حکمت عملی سے دشمن کو جواب دیا، اس سے بھارتی رافیل طیاروں کی عالمی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ بھارت کا پروپیگنڈا مہم اور ڈرون حملوں کا تمام تر منصوبہ ناکام ہو چکا ہے۔”
انہوں نے تاکید کی کہ پاکستان اپنی مسلح افواج اور قومی سلامتی کمیٹی کے متفقہ فیصلوں کے تحت متوازن ردعمل دے رہا ہے، اور ملک میں کسی قسم کی گھبراہٹ یا افرا تفری پیدا نہیں ہونے دی گئی ہے۔