14 مئی 2025

سٹاف رپورٹ

وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی اور عوامی امور رانا ثنا الله نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے مابین دہشتگردی کی کارروائیوں کی تحقیقات کے لئے ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ کمیشن بنایا جانا چاہیے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی بجاۓ اس کمیشن میں ثبوت دے سکیں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاکستان نے ایک ایسے کمیشن کی تجویز انڈیا کو دی بھی تھی لیکن وہاں سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہے لیکن جب انڈیا دہشتگردی کی بات کرے گا تب ہم اس سے سب سے پہلے کلبھوشن کے بارے میں پوچھیں گے۔

واضح رہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر حملوں اور پاکستان کے جوابی حملوں کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان کو اگر بچنا ہے تو اسے اپنے دہشتگردی کے انفراسٹرکچر کا صفایا کرنا ہی ہوگا۔ اس کے علاوہ امن کا کوئی راستہ نہیں۔‘

مودی نے مزیدکہا کہ ’تجارت اور دہشتگردی ایک ساتھ نہیں ہو سکتے۔ پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا۔‘

انڈیا کا دعوی ہے کہ اس نے پاکستان میں حملوں میں دہشتگردوں کو قتل کیا ہے اور دہشتگردی کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔ راناثنا الله نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا نے جہاں حملے کیےتھےان کو پاکستانی حکومت نے پہلے ہی توڑ دیا تھا۔ انڈیا حملہ کرکےاکھنڈ بھارت کا خواب پورا کرناچاہتا تھاجسے پاکستان نےچکنا چور کردیا ہے۔

‘انڈیا نے ممبئی حملوں کے حوالے سے بھی کوئی واضح ثبوت نہیں دیے تھے’

جب رانا ثنا الله سے سوال کیا گیا کہ کیا حکومت جیش محمد اور لشکر طیبہ کی مانیٹرنگ کر رہی تھی تو ان کا کہنا تھا کہ صرف مانیٹرنگ ہی نہیں کر رہی تھی بلکہ پاکستان حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ یہاں سے کوئی دہشتگردی نہ ہو اور اس حوالے سے انڈیا کا الزام بلکل غلط تھا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ممبئی حملوں میں انڈیا نے پاکستان کو کیا ثبوت دیے تھے تو ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے کوئی خاص ثبوت نہیں دیے تھے اور کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی تھی ، اس حوالے سے جو کیا تھا ہم نے اپنے طور پر کیا تھا۔

رانا ثنا الله نے حالیہ کشیدگی میں پاکستان کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایک ہی پوزیشن تھی کہ ہم مؤثر دفاع کریں گے اور جو ہمیں مارنے آئے گا اس کو ہی ماریں گے۔ پاکستان انڈیا کے دس جہازوں کو گرا سکتا تھا لیکن نہیں گرایا کیوں کہ ہم نے صرف ان ہی جہازوں کو گرانا تھا جنہوں نے ہم پر حملہ کیا تھا۔

سندھ طاس معاہدوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ کاغذوں میں سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ پاکستان کے حصے کا پانی تو آ رہا ہے۔ اگر انڈیا نے پاکستان کے حصے میں دریاوں کے پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کی تو اس کو اقدام جنگ سمجھا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here