۱۵ مئی ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

پنجاب کے ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کے نواحی گاؤں جگو ہیڈ میں سات ماہ قبل لاپتہ ہونے والی شادی شدہ خاتون کی لاش اس کے سسرالی گھر کے صحن سے برآمد ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کر کے گھر کے صحن میں دفن کر دیا تھا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ۔

واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتولہ کے والدین نے مسلسل کئی ماہ تک بیٹی سے رابطہ نہ ہونے پر تھانہ بولانی میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ مقدمہ مقتولہ کے والد محمد آصف کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی دو سال قبل شہزاد احمد نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے ایک سال بعد ان کے ہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی تھی، جو پیدائش کے دن ہی وفات پا گئی۔

محمد آصف نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ سسرال میں ناروا سلوک روا رکھا جاتا تھا۔ ان کی بیٹی نے انہیں کئی بار فون پر بتایا کہ اس کا شوہر اور اس کے سسرالی رشتہ دار اس پر تشدد کرتے ہیں، اسے ذہنی اور جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اور اکثر شوہر نشے میں دھت ہو کر پیسوں کا مطالبہ کرتا تھا۔ والد کے مطابق، بیٹی کے لیے وہ کئی بار پیسے بھیجتے رہے، لیکن شہزاد کا رویہ نہ بدلا۔

محمد آصف کے مطابق، سات ماہ قبل جب وہ بیٹی سے ملنے کے لیے اس کے سسرالی گھر گئے تو انہیں بیٹی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔ سسرال والوں نے مختلف بہانے بنا کر انہیں واپس بھیج دیا۔ کئی بار جانے کے باوجود وہ بیٹی سے نہ مل سکے، جس پر انہیں بیٹی کی سلامتی سے متعلق شک ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد انہوں نے تھانہ بولانی میں مقدمہ درج کروایا، جس میں ابتدائی طور پر اغواء کی دفعہ 364 شامل کی گئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ تھانہ بولانی کے اہلکار عباس کے مطابق پولیس نے مقتولہ کے شوہر شہزاد کو حراست میں لیا، جس نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ اسے اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا، جس کی بنیاد پر اس نے سات ماہ قبل اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر قتل کر کے لاش گھر کے صحن میں دفن کر دی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے لاش کو برآمد کیا، جسے بعد ازاں مقتولہ کے والدین نے شناخت کیا۔

لاش ملنے کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 کا اضافہ کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے، اور باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے جو تاحال فرار ہیں۔مقتولہ کی نماز جنازہ دو روز قبل مقامی قبرستان میں ادا کی گئی اور لاش کو دوبارہ تدفین کر دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here