20 مئی 2025

تحریر

رانا مالہی


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں نور مقدم قتل کیس میں وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھی، جبکہ زیادتی کی دفع میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ حکومت کو ’لیو۔ان ریلیشن‘ اور منشیات سے متعلق نوجوان نسل کو آگاہی دینی چاہیے۔

سپریم کورٹ میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےکیس سنا۔

عدالت میں مرکزی مجرم ظاہر جعفر کے وکیل سلمان صفدرنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ استغاثہ کا پورا کیس سی سی ٹی وی ویڈیو اور ڈی وی آر پر مبنی ہے، اور ان شواہد پر مکمل بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شواہد میں شک کی گنجائش موجود ہے۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ جس ویڈیو پر اعتراض کیا جا رہا ہے، وہ پہلے تسلیم کی جا چکی ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق فوٹیج میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، اور چونکہ یہ سی سی ٹی وی کیمرے سے بنی ہے، اس میں انسانی مداخلت کا امکان نہیں ہے۔

ظاہر جعفر کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد چوکیدار اور مالی کے وکیل نے دلائل دیے۔ ان کے مؤکلان کو مقتولہ کو گھر سے باہر نہ نکلنے دینے کے الزام میں دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ صرف ملازمین تھے اور اُن کا کوئی براہ راست تعلق قتل سے نہیں تھا۔

عدالت نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ اگر انہوں نے مقتولہ کو نہ روکا ہوتا تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔ عدالت نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ملازمین کو اپنی تنخواہ سے بڑھ کر ذمے داریاں نبھانے کی کیا ضرورت تھی۔

بعد ازاں مقتولہ نور مقدم کے وکیل شاہ خاور نے دلائل دیے۔ اس دوران عدالت نے واضح کیا کہ کیس کے کئی حقائق پہلے سے تسلیم شدہ ہیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ نور مقدم اپنی مرضی سے ظاہر جعفر کے گھر گئی تھی اور دونوں ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے۔ عدالت نے ایسے تعلقات پر بھی تنقید کی جو شادی کے بغیر ساتھ رہنے کی نوعیت کے ہوں، اور کہا کہ یہ ہمارے معاشرتی اور اخلاقی اصولوں کے خلاف ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اگر ویڈیو نہ بھی ہو، تو بھی مقتولہ کی لاش ظاہر جعفر کے گھر سے ملنا خود ایک اہم ثبوت ہے۔ عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ کیا نور مقدم کا موبائل فون برآمد ہوا؟ وکیل نے جواب دیا کہ کال ریکارڈز موجود ہیں، لیکن موبائل فون پولیس نے اپنی تحویل میں نہیں لیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد نور مقدم کے وکیل شاہ خاور نے کہا کہ مجرم کیخلاف تمام شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، اور مقتولہ کو چالیس گھنٹے تک اغوا کر کے رکھا گیا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے پوچھا کہ اغوا کیسے ثابت ہوگا؟ جس پر کہا گیا کہ اسے حبس بے جا کہا جا سکتا ہے۔ شاہ خاور نے کہا کہ ڈی این اے اور خون کے نمونے سمیت تمام رپورٹس مجرم کے خلاف ہیں۔ انہوں نے اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کی۔

سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ یہ سنگین جرم ہے جسے مثالی سزا ملنی چاہیے، تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ہو۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ یہ واقعہ ’لیو۔ان ریلیشن ‘ کے تاریک پہلوؤں کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے منفی اثرات بھی سامنے آئے ہیں، اور سوال اٹھایا کہ نوجوانوں کو منشیات کون فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایس پی اور ایس ایچ او کی مرضی کے بغیر منشیات کی فروخت ممکن نہیں۔

مختصر فیصلے میں عدالت نے ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھی، زیادتی کے مقدمے میں سزائے موت کو عمر قید میں بدل دیا، اغوا کے مقدمے میں سزا کم کر کے ایک سال کر دی گئی، جبکہ نور مقدم کے اہل خانہ کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم بھی برقرار رکھا گیا۔ مالی جان محمد اور چوکیدار افتخار کی سزائیں کم کر کے ان کی موجودہ قید کو کافی قرار دیا گیا۔

سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نور مقدم کے وکیل شاہ خاور نے کہا کہ ظاہر جعفر کے قتل کا جرم ٹرائل کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک برقرار رہا، جو خوش آئند ہے۔

انسانی حقوق کی کارکن فرزانہ باری نے کہا کہ چار سال کے طویل انتظار کے بعد یہ فیصلہ آیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں جینڈر بیسڈ وائلنس پر نیشنل ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیے۔

وائس پی کے سے گفتگو میں انسانی حقوق کی کارکن طاہرہ عبداللہ نے کہا کہ آج کے فیصلے سے حق، سچ اور انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔

نور مقدم کی قریبی دوست شفعت نے کہا کہ چار سال کی محنت کے بعد ہمیں سپریم کورٹ سے انصاف ملا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here