۲۱ مئی ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک 14 سالہ ذہنی طور پر کمزور بچی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس میں گینگ ریپ کی دفع 375 اے شامل کی گئی۔

گرفتارہونے والوں میں ذیشان جان، زوہیب، اویس اور عبد الرحمن نامی ملزمان شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم ذیشان 9 مئی کو متاثرہ لڑکی کو بہلا پھسلا کر ایک قریبی مسجد کے واش روم میں لے گیا، جہاں اس کے تین ساتھی پہلے سے موجود تھے۔ وہاں چاروں ملزمان نے بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے جان سے مار دیا جائے گا۔

متاثرہ بچی نے خوف کے باعث واقعہ 10 دن بعد یعنی 19 مئی کو اپنے گھر والوں کو بتایا۔ بچی کے والد کے مطابق ان کی بیٹی ذہنی طور پر کمزور ہے اور واقعے کے بعد سے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔

واقعہ کا مقدمہ 20 مئی کو درج کیا گیا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعہ کا نوٹس لیا۔اور ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس نے کارروائی کر کے ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔

میڈیا کو جاری بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے ڈی این اے سامپل سمیت باقی میڈیکل ٹیسٹ جلد کروا لئے جائیں گے اور ملزمان کے خلاف مضبوط چالان تیار کر کے ان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں ملک بھر سے بچوں کے خلاف جرائم کے مجموعی طور پر 3364 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق، بچوں کے خلاف جرائم کے ہر روز اوسطاً 9 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں جنسی زیادتی، اغواء، لاپتہ ہونے اور بچوں کی شادی کے واقعات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچوں میں لڑکیوں کی تعداد 1791 (53 فیصد) اور لڑکوں کی تعداد 1573 (47 فیصد) ہے۔

ساحل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جغرافیائی تقسیم کے مطابق، 3364 کیسز میں سے 78 فیصد کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، 12 فیصد سندھ، 4 فیصد خیبر پختونخوا، 4 فیصد اسلام آباد، جبکہ باقی 2 فیصد بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے آئے۔رپورٹ کے مطابق صرف جنسی زیادتی کے کیسز کی تعداد 1828 ہے، جن میں لڑکیاں اور لڑکے تقریباً برابر متاثر ہوئے ہیں۔ 56 کیسز ایسے بھی رپورٹ ہوئے جن میں جنسی زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کیا گیا۔اسی طرح، اغواء کے 1204 کیسز، لاپتہ بچوں کے 241 کیسز، اور بچوں کی شادی کے 45 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 43 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here