22 مئی 2025
سٹاف رپورٹ
پاکستان کے سابق وزیر دفاع و خارجہ خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے دنیا کے سامنے کشمیر کو ایک مسئلے کے طور پر پیش کیا، تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ دنیا کے سامنے کشمیر کو ایک حل کے طور پر پیش کرے.
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ دنیا کو یہ بتانا ہوگا کہ اگر وہ بھارت کی دہشتگردی، آبی جارحیت اور جوہری جارحیت کا حل چاہتی ہے، تو اسے کشمیر کے مسئلے پر بات کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ خرم دستگیر اس سفارتی وفد کا حصہ ہیں جو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرے گا تاکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ جارحیت کے حوالے سے عالمی رائے عامہ کو ہموار کیا جا سکے۔
’دنیا کو بتانا ہوگا کہ بھارت ایک غیر ذمہ دار ریاست ہے‘
اس تناظر میں خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتی وفد کے ایجنڈے میں بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی اور آبی جارحیت سرفہرست ہیں، اور اس حوالے سے ڈوزیئر بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا کو یہ باور کروانا ہے کہ بھارت عالمی معاہدوں، جیسا کہ سندھ طاس معاہدے، کی اپنی مرضی سے خلاف ورزی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی وجہ سے پاکستان کی تہذیب کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اور ہم اس مسئلے کو ماحولیاتی تحفظ کی تنظیموں کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔
حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں خرم دستگیر نے کہا کہ بھارت نے دس مئی کو براہموس میزائل کا استعمال کیا، جو جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور پاکستان کو بھارت کے اس غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اس حد تک غیر ذمہ دار ریاست بن چکا ہے کہ نہ تو وہ بات چیت کے لیے تیار ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ثالثی پر آمادہ۔
’اب بھارت کو امریکا سے خودکار حمایت نہیں ملے گی‘
پروگرام کی میزبان نے جب سوال کیا کہ سفارتی وفد کو امریکا میں لشکرِ طیبہ اور جیشِ محمد سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تو خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ممکن ہے وہاں ایسے سوالات ہوں، لیکن یہ دو ہزار انیس والا پاکستان نہیں ہے۔ ہم ان سے ثبوت مانگیں گے کہ آیا یہ گروپس اب بھی فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے امریکا میں کوئی اسامہ بن لادن کا معاملہ بھی اٹھا دے، لیکن اب پاکستان کی نہ فوجی قیادت وہی ہے اور نہ ہی سیاسی قیادت۔ اب پاکستان کے حالات بدل چکے ہیں۔
خرم دستگیر کے مطابق، اب بھارت کو امریکا سے خودکار حمایت نہیں ملے گی، کیونکہ خطے کے حالات بدل چکے ہیں۔ پہلے بھارت کو اس لیے حمایت حاصل ہو جاتی تھی کہ مغرب افغانستان کے معاملے پر پاکستان سے ناراض ہوتا تھا، لیکن اب صورتحال مختلف ہے۔ اسی لیے بھارت کو صرف اسرائیل کی حمایت حاصل ہوئی ہے، دیگر کوئی بھی ملک کھل کر اس کے ساتھ نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹس میں ’ثالثی‘ اور ’کشمیر‘ جیسے الفاظ استعمال کیے، جو بھارت کے لیے زہرِ قاتل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت بھارت سے مایوس ہو چکا ہے، کیونکہ بھارت صرف اپنے مفاد کی فکر کر رہا ہے اور اسٹریٹیجک اتحاد میں کوئی عملی تعاون نہیں کر رہا۔ امریکا چاہتا تھا کہ جب وہ چاہے بھارت کو چین کے خلاف استعمال کر سکے، مگر بھارت نے ایسا نہیں کیا۔
’خضدار حملے پر بھارت پر فوری الزام نہیں لگانا چاہیے تھا‘
خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے اور اس کا الزام بھارت پر لگانے سے متعلق سوال پر خرم دستگیر نے کہا کہ ریاست کی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ وہ دہشتگردوں کو مجرم کے طور پر دیکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت پر فوری الزام نہیں لگانا چاہیے تھا، کیونکہ جس معیار کی ہم بھارت سے توقع کرتے ہیں، وہی معیار ہمیں بھی اپنانا ہوگا۔