26 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: پیر کے روز سپریم کورٹ کے 11 رکنی آئینی بینچ نے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں کیسے دی جا سکتی ہیں؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو جماعت پارلیمنٹ میں موجود ہی نہ ہو، اس میں آزاد ارکان کیسے شامل ہو سکتے ہیں؟
درخواست گزار کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے مطابق آزاد امیدوار ان کے ساتھ شامل ہو گئے تھے۔ تاہم جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا؟ مخدوم علی خان نے اعتراف کیا کہ سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا، حتیٰ کہ ان کے چیئرمین نے بھی اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن نہیں لڑا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے واضح کیا کہ سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں تھی، اگرچہ وہ پارلیمانی جماعت بن سکتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکثریتی فیصلے میں سنی اتحاد کونسل کی اپیل کو متفقہ طور پر مسترد کیا گیا اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے سامنے صرف الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن تھا، جسے کالعدم قرار دیا گیا۔ مخدوم علی خان نے مؤقف اپنایا کہ متاثرہ فریق کو نوٹس دیے بغیر نوٹیفکیشن کو کالعدم نہیں کیا جا سکتا تھا، اور آئین کے آرٹیکل 225 کے تحت کسی الیکشن پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ آرٹیکل 225 کا اطلاق اس کیس پر کیسے ہو سکتا ہے؟ مخدوم علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ مخصوص نشستوں کی فہرستیں انتخابات سے قبل جمع کروائی جاتی ہیں، اور کسی غلطی کی صورت میں معاملہ ٹریبونل کے سامنے جاتا ہے۔
عدالت نے یہ بھی زیر بحث لایا کہ آیا پی ٹی آئی اس کیس میں فریق تھی یا نہیں۔ جسٹس شاہد بلال نے استفسار کیا کہ کیا جو جماعت فریق نہ ہو اسے مخصوص نشستیں دی جا سکتی ہیں؟ مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ نہیں، جو جماعت فریق نہ ہو، اسے نشستیں نہیں دی جا سکتیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے الیکشن کمیشن کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ میرے فیصلے میں 39 افراد کو پی ٹی آئی کا رکن قرار دے کر نشستیں دینے کا کہا گیا تھا، کیونکہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق انہوں نے پارٹی وابستگی میں تحریک انصاف درج کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مکمل انصاف کے نام پر تیسرے فریق کو ریلیف دینا خطرناک نظیر ہو سکتی ہے۔
مخدوم علی خان نے دلائل دیے کہ اکثریتی فیصلے میں آئین کو دوبارہ تحریر کرنے کی کوشش کی گئی، اور عدالت مکمل انصاف کا اختیار استعمال کرکے عدالت میں غیر موجود فریق کو ریلیف نہیں دے سکتی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ یا الیکشن کمیشن میں نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا؟ وکیل نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی نے نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیے تھے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ انتخابی نشان نہ ہونے سے سیاسی جماعت ختم نہیں ہوتی، الیکشن امیدوار لڑتے ہیں، جماعتیں نہیں۔ اگر آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل کی بجائے تحریک انصاف کے ساتھ رہتے تو یہ مسئلہ نہ بنتا۔
سماعت کے اختتام پر الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے وکلاء نے بتایا کہ وہ تحریری دلائل جمع کروا چکے ہیں یا کروا دیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے اپنا جواب جمع کرا دیا ہے، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو جواب الجواب بھی دیا جائے گا۔
عدالت نے مخصوص نشستوں کے نظرثانی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی، جہاں سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی دلائل دیں گے۔