29 مئی 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: جمعرات کو سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں گیارہ رکنی آئینی بینچ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کی۔

دوران سماعت سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کچھ فریقین نے اضافی گزارشات جمع کروادی ہیں، مجھے ان کی نقول آج ملی ہیں، اب ان کو دیکھوں گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ن لیگی وکیل سے سوال کیا کہ ایک جماعت کے امیدواروں کو آزاد کیسے ڈیکلئیر کر دیاگیا، کیا آپ نے اپنی تحریری گزارشات میں اس کا جواب دیا؟

ن لیگ کے وکیل حارث عظمت نے موقف اپنایا کہ انہوں نے جواب دینے کی کوشش کی ہے۔

فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ کچھ درخواستوں میں سپریم کورٹ رولز کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ان درخواستوں کو مسترد کیا جائے۔ مجھ سے پوچھا گیا تھا سنی اتحاد کا انتخابی نشان کیا ہے، سنی اتحاد کا نشان گھوڑا ہے مگر حامد رضا آزاد لڑے، حامد رضا آزاد کیوں لڑے، اس کا جواب دوں گا۔ جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے ہمارے سامنے یہ معاملہ نہیں ہے کون کیسے لڑا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے میرا سوال تھا مجھے اس کا تسلی بخش جواب نہیں ملا، صاحبزادہ حامد رضا کی 2013سے سیاسی جماعت موجود ہے، جو جماعت الیکشن لڑے وہی پارلیمانی پارٹی بناتی ہے، وہ اپنی جماعت سے نہیں لڑے پھرپارلیمانی جماعت کیوں بنائی، مخصوص نشستوں کے فیصلے میں کہا گیا ووٹ بنیادی حق ہے، ووٹ جبکہ بنیادی حق نہیں ہے، فیصلے میں تین دن کو بڑھا کر پندرہ دن کرنا آئین دوبارہ تحریر کرنے جیسا تھا۔

فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ گیارہ ججز نے آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی کا تسلیم کیا۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے 39 امیدواروں کی حد تک میں اور قاضی فائز عیسی بھی 8 ججز سے متفق تھے، جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی پی ٹی آئی کو پارٹی تسلیم کیا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی کہا پی ٹی آئی نشستوں کی حقدار ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے اقلیتی ججز نے انہی گراونڈز پر پی ٹی آئی کو مانا جس پر اکثریتی ججز نے مانا تھا۔ فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا اب نظر ثانی درخواستوں میں ان اقلیتی فیصلوں پر انحصار کیا جا رہا ہے، دوسری جانب درخواستوں میں کہا گیا پی ٹی آئی کو ریلیف مل ہی نہیں سکتا تھا، نظرثانی ان فیصلوں پر انحصار کر کے کیسے لائی جا سکتی ہے؟ ان فیصلوں میں تو پی ٹی آئی کو پارٹی تسلیم کیا گیا ہے۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے نظرثانی لانے والوں نے تو جس فیصلے کو چیلنج کیا اسے ہمارے سامنے پڑھا ہی نہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا، کیا جج آئینی دائرے سے باہر جا کرفیصلہ دے سکتے ہیں؟ عوامی امنگوں اور جمہوریت کیلئے ہی سہی، مگر کیا جج آئین ری رائٹ کرسکتے ہیں؟ فیصل صدیقی نے جواب دیا کوئی آئین “ری رائٹ” نہیں کیا گیا۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے ری رائٹ کیا گیا، تین دن کی مدت کو بڑھا کر پندرہ دن کیا گیا۔

فیصل صدیقی نے موقف اپنایا اکثریتی ججز نے کہا مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہئیں۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے یہ آپ اپنے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ فیصل صدیقی نے کہا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں یا ہمیں ایک ہی بات ہے۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے آپ کی فلم تو پھر فلاپ ہوجائے گی۔ فیصل صدیقی نے کہا فلم آپ کی مرضی سے فلاپ ہونی ہے آپکا فیصلہ قبول ہوگا، جمہوریت میں سب کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں، پی ٹی آئی امیدواروں کو جان بوجھ کر حقوق نہیں دیئے گئے۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے جمہوریت کی بات کی گئی ہے، کیا امیدواروں کا اپنی مرضی سے فیصلہ کرنا جمہوریت نہیں، کسی کو زبردستی دوسری جماعت میں شمولیت کیلئے مجبور تو نہیں کیا جاسکتا، جو آزاد امیدوار کسی اور پارلیمانی جماعت میں جانا چاہیں جاسکتے ہیں۔

فیصل صدیقی نے کہا اس ساری صورتحال میں الیکشن کمیشن کا کردار اہم ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدواروں کو آزاد ڈکلیئر کر دیا۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے فیصل صدیقی آپ بار بار پیچھے کی طرف جا رہے ہیں۔ فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا آپ کے سامنے پہلی بار تیرہ رکنی بنچ کے فیصلے پر نظرثانی آئی ہے، جس فیصلے پر نظرثانی آئی وہ ابھی تک آپ کے سامنے پڑھا ہی نہیں گیا، آپ کہتے ہیں اکثریتی فیصلہ نظرثانی میں پڑھا ہی نہ جائے؟ میں تو حیران ہوں۔

جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے آپ کو کس نے روکا ہے فیصلہ پڑھنے سے، کیوں گلہ کر رہے ہیں؟ دوران سماعت جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے تحریک انصاف انٹرا پارٹی کیس فیصلے کے بعد بھی جماعت تھی، اس معاملے پر پی ٹی آئی کو بھی کوئی غلط فہمی نہیں تھی، اگر غلط فہمی ہوتی وہ پارٹی سرٹیفکیٹ جاری نہ کرتے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے سنی اتحاد کونسل انتخابات ہی نہیں لڑی، آپ نے پی ٹی آئی والوں کو بتایا کیوں نہیں کہ ہم الیکشن نہیں لڑے، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کو بتانا چاہیے تھا کہ میں خود آزاد لڑا ہوں، جو جماعت انتخابات نہ لڑے آزاد امیدواروں کو کیسے شامل ہونے کا کہہ سکتی ہے؟

فیصل صدیقی نے موقف اپنایا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے میں اقلیتی فیصلہ بھی پڑھنا چاہوں گا، جسٹس امین کے فیصلے سے میں متفق نہیں مگر بڑا فورس فل فیصلہ تھا۔ فیصل صدیقی نے جسٹس امین کے فیصلے پر غالب کا شعر سناتے ہوئے کہا غالب نے کہا تھا؛

کتنے شیریں ہیں تیرے لب کہ رقیب

گالیاں کھا کے بے مزا نا ہوا

فیصل صدیقی نے جسٹس امین الدین خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی چیل کی طرح مجھ پر نگاہ ہے۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے اس کے باوجود آپ اتنا وقت لے رہے ہیں۔

فیصل صدیقی نے موقف اپنایا معاف کیجیے گا، چیل نہیں، عقاب کی طرح کہنا تھا۔

جسٹس جمال مندو خیل نے کہا تعریف کرنا ویسے کوئی آپ سے سیکھے۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے آپ کو ایک مزید سماعت ملے گی۔ فیصل صدیقی نے کہا مجھے کم ازکم دو سماعتیں اور چاہیے ہوں گی، میں نے ابھی دلائل تو دیئے ہی نہیں، مجھے لگتا ہے نظرثانی میں نے دائر کی ہے کہ سارے سوال مجھ سے ہو رہے ہیں، جنہوں نے نظرثانی دائر کی ان سے تو کوئی سوال ہی نہیں ہوا۔

بعد ازاں عدالت نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر نظرثانی درخواستوں پر سماعت 16 جون تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر بھی سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی دلائل جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here