30 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس سمیت دیگر درجن سے زائد بین الاقوامی تنظیموں نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان افغان صحافیوں اور شہریوں کی ملک بدری بند کرے جو اپنے ملک میں ظلم و ستم کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
رواں ہفتےجاری ایک مشترکہ بیان میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اکتوبر 2023 میں شروع کیے گئے وطن واپسی منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کہا گیا تھا کہ وہ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں بصورتِ دیگر انہیں زبردستی بے دخل کر دیا جائے گا۔
جبکہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ہجرت (IOM) کے مطابق، تب سے اب تک 10 لاکھ 47 ہزار 10 افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔
اسلام آباد میں مقیم افغان صحافی عبدالاحد نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ “ہمارے پاس صحافیوں کا ایک پاک افغان بین الاقوامی فورم ہے، اور ہمارے پاس اس فورم میں تقریباً 150 صحافی ہیں جو اس وقت پاکستان میں ہمارے فورم کے ممبر ہیں اس کے علاوہ دیگر جرنلسٹس اور ایکٹیویسٹس پاکستان میں پناہ لیئے ہوئے ہیں۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ “صحافیوں کو افغانستان واپس بھیجنے پر بہت خطرات لاحق ہیں، کیونکہ موجودہ طالبان حکومت کی صحافیوں اور ایکٹیوسٹس پر گہری نظر ہے، اگر کوئی صحافی سچ بولتا ہے تو اسے موجودہ حکومت کی طرف سے گرفتار کرکے جیل جانے کا خطرہ ہے۔ اس صورتحال میں افغان صحافیوں کو واپس بھیجنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایک بیان میں رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (RSF) ، پین انٹرنیشنل ، انسانی حقوق کمیشن پاکستان، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR)، اور IOM نے تنقید کی ہے اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور ان افغان شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا رہے جو خطرے سے دوچار ہیں۔ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان افغان شہریوں، بشمول مصنفین، صحافیوں، فنکاروں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور دیگر افراد کو تحفظ فراہم کرے جو طالبان کے ظلم و ستم سے بچنے کے لیے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
افغان صحافی شفیع اللہ کے مطابق، اگرچہ افغانستان میں جمہوریت کے ادوار میں بھی میڈیا پر مختلف پابندیاں لگتی رہی ہیں، لیکن موجودہ دور صحافیوں کے لیے سب سے سنگین انسانی بحران لے کر آیا ہے۔ طالبان کے سخت کنٹرول نے میڈیا کی بنیادی آزادی کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور معلومات تک رسائی کا قانون تقریباً غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
شفیع اللہ نے مزید کہا کہ سخت صحافتی ضوابط اور اداراتی آزادی کے خاتمے کے باعث افغان میڈیا اب صرف طالبان حکومت کے بیانیے کو آگے بڑھانے تک محدود ہو گیا ہے، جبکہ آزاد اور خودمختار صحافت تقریباً ناپید ہو چکی ہے۔
صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی ایک رپورٹ کے مطابق 15 اگست 2021 سے قبل، افغانستان کا میڈیا متحرک اور آزاد تھا، جہاں 160 ٹی وی چینلز، 311 ریڈیو اسٹیشنز، 90 اخبارات، اور 26 نیوز ایجنسیاں کام کر رہی تھیں۔ لیکن طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ میڈیا کا شعبہ تباہ ہو گیا، اور ملک کے دیگر بحرانوں کی طرح صحافت بھی شدید دباؤ میں آ گئی۔ جبکہ آج 16 لاکھ سے زائد افغان جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں وہ سخت حکومتی پابندیوں اور خود پر عائد سنسرشپ کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی 2023-24 کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان میں کم از کم 14 صحافیوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا، جبکہ لاپتا ہونے، ہراساں کیے جانے، قانونی کارروائیوں اور تشدد کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ افغان انڈیپنڈنٹ جرنلسٹس یونین (AIJU) کے مطابق، 2023 میں 85 ایسے کیسز سامنے آئے جن میں صحافیوں کو تشدد، سخت تفتیش اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ 17 اپریل 2024 کو کابل میں دو نجی ٹی وی چینلز کو قومی اور اسلامی اقدار کی خلاف ورزی کے الزام میں بند کر دیا گیا، جبکہ 22 جولائی کو طالبان حکومت نے ننگرہار میں 14 میڈیا اداروں کے 17 نشریاتی لائسنسز معطل کر دیے، جس کی وجہ ٹیکس کی عدم ادائیگی بتائی گئی۔
طالبان کے خوف کے باعث تقریباً 30 سے 35 فیصد افغان صحافی فوری طور پر ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے، جن میں سے کئی نے ایران اور پاکستان میں پناہ لی، جبکہ کچھ نے تاجکستان، ازبکستان، ترکی، شمالی امریکا اور یورپ کا رخ کیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے افغان مہاجرین کی واپسی کے خلاف ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھی پاکستان سے ملک بدری کا عمل روکنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم بیان کے مطابق، ان تمام انتباہات کے باوجود، پاکستانی حکومت نے افغان شہریوں کی زبردستی واپسی کا عمل تیز کر دیا ہے۔