31 مئی 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: سپریم کورٹ کے دو ججز جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان نے 36 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو اکثریتی فیصلے کے برخلاف آئینی اور اخلاقی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

اکثریتی فیصلے میں، سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو 9 اور 10 مئی کے فسادات میں ملوث سویلینز کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں کرنے کا اختیار دے دیا تھا۔ تاہم جسٹس مندوخیل اور جسٹس افغان نے اس سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالتی آزادی اور انصاف کے اصولوں کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔

جسٹس مندوخیل نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ عدلیہ اور ایگزیکٹو ریاست کے دو الگ اور خودمختار ستون ہیں اور ان کے درمیان حد بندی کو ملانا آئین کے خلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی اصولوں پر مبنی پاکستان کی قراردادِ مقاصد میں بھی عدلیہ کی آزادی کو واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ عدالتی اختیار کسی ایگزیکٹو ادارے کو نہیں دیا جا سکتا۔

اختلافی ججز نے لکھا کہ فوجی افسران کو عدالتی معاملات میں تربیت حاصل نہیں ہوتی، اس لیے فوجی عدالتوں کو سویلین عدالتوں کے برابر نہیں قرار دیا جا سکتا۔ فوجی عدالتوں کے ججز، جو کہ ملٹری افسران ہوتے ہیں، سویلین قوانین میں مہارت نہیں رکھتے اور ان عدالتوں میں وہ آئینی تحفظات فراہم نہیں کیے جا سکتے جو ایک عام عدالت میں دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وفاقی، پنجاب اور بلوچستان حکومتوں کو عام عدالتوں پر اعتماد نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی طرف سے سیاسی بنیادوں پر مقدمات کو فوجی عدالتوں میں منتقل کرنا ناقابلِ فہم اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مقدمات میں فوجی عدالتوں پر انحصار صرف حکومت کے اپنے مقاصد کے لیے کیا جا رہا ہے۔ جب استغاثہ کے پاس ثبوت ہی نہ ہوں، تو فوجی عدالت سزا کیسے دے سکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ دلیل کہ عام عدالتیں دہشتگردی کے مقدمات کو نہیں سن سکتیں، درست نہیں ہے۔ مسئلہ عدالتوں کی صلاحیت کا نہیں بلکہ ناقص تفتیش اور غیر پیشہ ورانہ استغاثہ کا ہے۔ یہ کہنا غلط ہے کہ فوجی عدالتیں دنیا بھر میں دہشت گردی کے کیسز کے لیے قائم کی جاتی ہیں۔ پاکستان کی عام عدالتوں میں انصاف دینے کی صلاحیت اور نیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ خود نیچے کی عدالتوں کے فیصلے ریویو کرتی ہے، اور اکثر بریت سیاسی بنیادوں پر دائر کیے گئے کمزور مقدمات کی وجہ سے ہوتی ہے، نہ کہ عدالتی ناکامی کی وجہ سے۔

یاد رہے کہ 7 مئی کو سپریم کورٹ نے انٹرا کورٹ اپیلوں منظور کر لیا تھا، جس کے نتیجے میں اکتوبر 2023 کا وہ فیصلہ کالعدم قرار پایا جس میں سویلینز کے فوجی ٹرائلز کو غیر آئینی قرار دیا گیا تھا۔ نئی 7 رکنی لارجر بینچ، جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے تھے، اس بنچ نے پانچ دو کی اکثریت سے فیصلہ دیا کہ فوجی عدالتیں سویلینز کا ٹرائل کر سکتی ہیں۔

یہ اپیلیں وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کی جانب سے دائر کی گئی تھیں، جنہوں نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی۔

بینچ کے مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ پچھلا فیصلہ جو فوجی عدالتوں کو روکنے سے متعلق تھا، اب کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

پاکستان بار کونسل کے سینئر رکن امجد شاہ نے کہا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے، ایمپلیمنٹ تو وہی ہوگا جو میجورٹی نے دیا ہے۔ لیکن میری ذاتی رائے میں فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قانون خاص طور پر فوجی اہلکاروں کے لیے بنایا گیا تھا۔ ٹو ڈی کی ترمیم ایوب خان کے دور میں کی گئی، جو ایک آمر تھا، اور آج کے جمہوری دور میں اس شق کو ختم کر دینا چاہیے تھا۔ سویلینز کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نفرت کو جنم دیتا ہے۔

کرنل (ر) ایڈووکیٹ انعام الرحیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے میں ایک چاندی کی لکیر موجود ہے، کیونکہ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے سویلینز کو ہائی کورٹ میں اپیل کا حق دیا جائے۔ میرے خیال میں یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ عدالت نے 45 دن کے اندر اپیل کا قانونی میکنزم بنانے کا کہا ہے، جو سویلینز کو ہائی کورٹ میں اپیل کا حق دے گا۔ پہلے ہم جب ہائی کورٹ آتے تھے تو صرف محدود دائرہ اختیار والی رٹ فائل کرتے تھے۔ اب یہ وسیع دائرہ کار دیا جا رہا ہے۔ جہاں تک سویلین ٹرائلز کا تعلق ہے، ہم اس کے سخت مخالف ہیں۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر بھی تنقید کی کہ ان کے دور حکومت میں بھی 29 شہریوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوا، جن میں سے تین کو سزائے موت سنائی گئی، اور متعدد کو وکیل تک فراہم نہیں کیا گیا۔ ہم نے اُس وقت بھی خبردار کیا تھا کہ اگر آپ نے یہ روایت ڈالی تو کل آپ کے کارکن بھی نشانہ بنیں گے۔ آج وہی کچھ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے جتنے بڑے وکیل ہیں، وہ کارکنوں کے مقدمات میں پیش نہیں ہوئے۔ عام کارکنوں کو فوجی عدالتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، جو انصاف کے منافی ہے۔

جبکہ دوسری جانب سابق چیف جسٹس جاوید ایس خواجہ نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ایک نظرثانی درخواست دائر کی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ متضاد اور غیر آئینی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here