۲ جون ۲۰۲۵

اسلام گل آفریدی


خیبر

یہ ضلع خیبر کی تحصیل جمرود ہے، جہاں آج گیارہ سالہ اتحاد آفریدی کی سوم منائی جا رہی ہے۔اتحاد کی ناگہانی موت نے نہ صرف اُس کے خاندان، بلکہ پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا ہے۔ مقامی لوگ مسلسل تعزیت کے لیے اُن کے گھر آ رہے ہیں۔اتحاد آفریدی سورکمر کے علاقے میں واقع ایک نجی اسکول میں پانچویں جماعت کا طالب علم تھا۔عینی شاہدین اور اہل خانہ کے مطابق، اسکول کے پرنسپل کے مبینہ تشدد کے باعث اُس کے سر پر شدید چوٹ آئی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔اتحاد تین سال قبل والد کے سایہ سے بھی محروم ہو چکا تھا۔ اُس کی کفالت اُن کا چچا، باعچہ گل کر رہے تھے جو کویت میں مزدوری کرتے ہیں۔

’’میں گھر پر تھا کہ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے اُن کے بھائی ھیوادجو اسی اسکول میں جماعت نہم کا طالب علم ہے نے فون پر اطلاع دی کہ اتحاد کو استاد نے اسٹک سے مارا ہے اور اسے زخمی حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔‘‘

باعچہ گل کے مطابق، اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنا ضروری ہے، لیکن آئی سی یو میں کوئی بیڈ دستیاب نہیں تھا۔اسی حالت میں اُسے قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں علاج کا آغاز تو ہوا، مگر طبی عملے نے ایف آئی آر کی کاپی فراہم کرنے پر اصرار کیا، اور تقریباً 15 منٹ بعد بچے کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

اتحاد کا اسکول اُس کے گھر سے تقریباً تین کلومیٹر دور، پاک افغان شاہراہ پر سورکمر میں واقع ہے جہاں پانچ سو سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پرنسپل دراصل کسی اور بچے کو سزا دے رہا تھا، لیکن اسٹک کا نشانہ اتفاقاً اتحاد بن گیا۔واقعے کی ایف آئی آر جمرود تھانے میں درج کر لی گئی ہے، اور پرنسپل کو گرفتار کرکے عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے،تاہم جب ہم نے تھانے سے ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرنے کی کوشش کی تو عملے نے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اعلیٰ حکام نے اس پر پابندی لگائی ہے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی تاحال منظرعام پر نہیں آئی، لیکن ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتحاد کو سر پر بھاری چیز سے چوٹ آئی، جو موت کی وجہ بنی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی آمین گنڈہ پور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ معاملے کی جلد از جلد شفاف تحقیقات کی جائیں۔

چائلڈ پروٹیکشن کمیشن خیبرپختونخوا اس کیس کی براہ راست نگرانی کر رہا ہے۔ضلع خیبر میں کمیشن کے ساتھ بطور سوشل کیس ورکر کام کرنے والے جمشید آفریدی نے بتایاکہ کمیشن کے سفارش پر ایف آئی آر میں بچوں کے تحفظ کے قانون 2010 کی دفعات 34، 36، اور 44 شامل کی گئی ہیں، جو کہ بچوں پر تشدد، ظلم اور بدسلوکی پر قید و جرمانے کی سزائیں مقرر کرتی ہیں۔ان کے مطابق، کمیشن اس کیس کا ازخود معائنہ کر رہا ہے، جس میں متاثرہ خاندان کو مفت قانونی معاونت کے ساتھ ساتھ نفسیاتی دباؤ سے نکلنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق، صرف گزشتہ تین دنوں میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے اسکولوں میں بچوں پر تشدد کے دو واقعات رونما ہو چکے ہیں۔پچھلے دو سالوں میں ضلع خیبر میں چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کو 100 سے زائد کیسز موصول ہو چکے ہیں۔

اتحاد کے کزن عبدالقیوم کا کہنا ہے تین سال پہلے کورونا کے دوران اُس کا والد وفات پا گیا تھا، سات بہن بھائیوں نے بہت کم عمری میں باپ کو کھو دیا۔ اتحاد ہر سال اسکول میں پہلی پوزیشن لاتا تھا، لیکن معمولی غفلت نے اُس سے زندگی کا حق چھین لیا۔”

باعچہ گل نے کہاکہ پوری خاندان شدید عم سے نڈھال اور اس واقعے کے حوالے سے حکومتی اقدمات کے بارے میں اُن کوکچھ معلوم نہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ واقعے کی پوری تحقیقات کی جائے تاکہ قانو ن اور انصاف کے تقاضے پوری کی جاسکے۔اُن کے بقول واقعے کے تحقیق کے حوالے پولیس حکام آئے تھے تاہم اُن کو کہاگیاکہ تغزیت کے لئے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں جس کے وجہ سے تفصیلی بات چیت ممکن نہیں۔ اُن کے بقول کل دوبارہ آئینگے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here