۲ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : رانا مالہی
اسلام آباد
گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے دوران شدت پسند گروہوں کی جانب سے حملوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی اور تنازعات کے رحجانات کا تجزیہ کرنے والے ایک آزاد تحقیقاتی ادارے اور تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 کے دوران ملک میں 85 شدت پسند حملوں کا اندراج کیا گیا، جو اپریل میں ہونے والے 81 حملوں کے مقابلے میں معمولی اضافہ ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 113 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 52 سیکیورٹی اہلکار، 46 شہری، 11 شدت پسند اور چار امن کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔ زخمیوں کی تعداد 182 رہی، جن میں 130 شہری، 47 سیکیورٹی اہلکار، چار شدت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل ہے۔
رپورٹ میں اپریل کے مقابلے میں حملوں میں 5 فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں 73 فیصد اور زخمی ہونے والے سویلینز میں 145 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ زخمی سویلینز کی تعداد اپریل میں 53 سے بڑھ کر مئی میں 130 ہوگئی۔ البتہ سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعات میں 20 فیصد کمی دیکھی گئی، جو 59 سے کم ہو کر 47 پر آ گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے انسداد دہشت گردی آپریشنز میں 59 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ پانچ سیکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ ان کارروائیوں میں سات سیکیورٹی اہلکار اور پانچ شدت پسند زخمی بھی ہوئے، جبکہ مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 52 مشتبہ شدت پسند گرفتار کیےگئے۔
مئی 2025 کے دوران شدت پسند حملوں اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو ملا کر مجموعی طور پر 172 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 57 سیکیورٹی اہلکار، 65 شدت پسند، 46 شہری اور چار امن کمیٹی کے ارکان شامل ہیں۔
مجموعی زخمیوں کی تعداد 194 رہی، جن میں 130 شہری، 54 سیکیورٹی اہلکار، نو شدت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل ہے۔ شدت پسندوں نے اس دوران کم از کم 19 افراد کو اغوا بھی کیا۔
پی آئی سی ایس ایس رپورٹ کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبے رہے، جہاں ملک بھر کے 85 میں سے 82 حملے ریکارڈ کیےگئے۔ بلوچستان میں 35 حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 30 شہری، 18 سیکیورٹی اہلکار اور تین شدت پسند شامل تھے، جبکہ 100 افراد زخمی ہوئے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) میں 22 حملوں میں 45 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 23 سیکیورٹی اہلکار، 12 شہری، چھ شدت پسند اور چار امن کمیٹی کے ارکان شامل ہیں، جبکہ 58 افراد زخمی ہوئے۔ مرکزی خیبر پختونخوا میں 25 حملے ہوئے جن میں 14 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 10 سیکیورٹی اہلکار اور دو، دو شہری و شدت پسند شامل تھے۔
سندھ میں تین حملوں کے دوران دو شہری اور ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب، آزاد جموں و کشمیر یا گلگت بلتستان سے کسی حملے کی اطلاع نہیں ملی۔
شمالی وزیرستان میں ایک خاصی متنازعہ کارروائی اُس وقت دیکھنے میں آئی جب ایک کواڈ کاپٹر حملے میں چار بچے ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس شدت پسندوں نے ڈرون کے ذریعے گرائی، تاہم واقعے پر عوامی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے تناظر میں اگر پچھلے سالوں کو دیکھا جائے تو شدت پسندی کے واقعات میں اُتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پرتشدد کارروائیاں مسلسل بلند سطح پر برقرار رہی ہیں۔ سال 2024 میں PICSS نے مجموعی طور پر 444 شدت پسند حملے رپورٹ کیے، جن میں 1,969 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 950 شدت پسند، 527 سیکیورٹی اہلکار، 489 شہری اور تین امن کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔ زخمیوں کی تعداد 1,463 رہی۔ خودکش حملوں کی تعداد 2023 میں 29 سے کم ہو کر 2024 میں 17 ہو گئی۔
2023 میں حملوں کی تعداد 645 تک جا پہنچی تھی، جس کے نتیجے میں 976 افراد ہلاک اور 1,354 زخمی ہوئے۔ صرف خیبر پختونخوا میں 419 حملے اور 600 سے زائد اموات ہوئیں۔ 2022 میں 380 حملوں میں 539 افراد ہلاک اور 836 زخمی ہوئے، جبکہ بلوچستان اور کے پی سب سے زیادہ متاثرہ علاقے تھے۔
2021 میں 294 شدت پسند حملے رپورٹ ہوئے، جن میں 388 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 184 شہری، 192 سیکیورٹی اہلکار اور 12 شدت پسند شامل تھے جبکہ 606 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے برعکس، 2020 میں 188 حملے ہوئے، جن میں 266 افراد ہلاک اور 595 زخمی ہوئے۔ اس سال کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے ہائی پروفائل حملے میں آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، پاکستان میں شدت پسندی کی حالیہ لہر کا تعلق جزوی طور پر افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال، پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مابین مذاکرات کی ناکامی، اور قبائلی اضلاع میں حکومتی عملداری کے مسائل کو قرار دیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں ممکنہ بہتری کی اطلاعات ہیں جس کے باعث توقع کی جاری ہے کہ اب ان شدت پسند کارروائیوں میں کمی آئےگی۔
جبکہ پاکستان کے شورش زدہ علاقوں، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شہری ہلاکتوں اور شدت پسند حملوں کے تناظر میں، مختلف بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں متعدد بار اپنی تشویش اور مذمت کا اظہار کر چکی ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کئی مواقع پر زور دے چکی ہے کہ پاکستان کو انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں انسانی حقوق کا مکمل احترام کرنا چاہیے، اور ایسے تمام واقعات کی آزاد و شفاف تحقیقات کرنی چاہئیں جن میں معصوم شہری، خصوصاً بچے اور خواتین نشانہ بنیں۔
ہیومن رائٹس واچ بھی متعدد رپورٹس اور بیانات میں نشاندہی کر چکا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکتیں بین الاقوامی انسانی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتی ہیں، جن کی تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے OHCHR نے بھی ماضی میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی شہری ہلاکتوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے، اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیارات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
یونیسف (UNICEF) خاص طور پر ایسے واقعات پر، جن میں بچے ہلاک یا زخمی ہوئے ہوں، اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتا آیا ہے اور متعدد مرتبہ مطالبہ کر چکا ہے کہ بچوں کو ہر قسم کے تنازعات سے دور رکھا جائے، اور ان کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے