04 جون 2025

تحریر شوکت کورائی

کراچی: ملیر میں واقع لانڈھی جیل سے قیدیوں کے اجتماعی فرار کے بعد سب سے زیادہ پریشان حال ان کے اہل خانہ ہیں جو صبح سے جیل کے دروازے پر اپنے عزیزوں کے بارے میں معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے واضح معلومات نہ ملنے کے باعث یہ خاندان شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔

میرا بھائی کہاں ہے؟

جیل میں قید شہزاد علی کے بھائی علی رضا صبح سات بجے سے جیل کے دروازے کے سامنے کھڑے ہیں۔ وہ وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں: “میں صبح سے یہاں ہوں لیکن کوئی مجھے میرے بھائی کے بارے میں کچھ نہیں بتا رہا۔ میرے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں کہ وہ کہاں ہے، محفوظ ہے یا نہیں۔”
علی رضا کا کہنا ہے کہ ان کا بھائی دو ماہ سے جیل میں ہے: “پولیس سے معمولی تنازع ہوا تھا جس پر مقدمہ درج کر کے اسے جیل بھیج دیا گیا۔ اب ہمیں یہ تک نہیں پتا کہ وہ زندہ ہے یا نہیں۔”

ماں کی بے بسی
دو ماہ سے جیل میں قید محمد اکمل کی والدہ شبانا کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔ وہ کہتی ہیں: “میرا بیٹا بے گناہ کی سزا کاٹ رہا ہے۔ مجھے یہ تک نہیں بتایا جا رہا کہ میرا بیٹا کہاں ہے اور کس حال میں ہے۔”
شبانا نے جیل انتظامیہ سے کئی بار بات کرنے کی کوشش کی ہے: “کوئی مثبت جواب نہیں مل رہا۔ صرف کہہ رہے ہیں کہ وہ زخمی ہے، مزید کچھ نہیں بتاتے۔ بس یہی کہا جاتا ہے کہ انتظار کرو۔”
شبانا نے اپنے بیٹے کے مقدمے کی داستان بیان کی: “ہمارا گودام تھا۔ ایک بااثر شخص نے وہاں سے ستر اسی لاکھ کا سامان لے گیا، میرے بیٹے کے چیک اٹھائے اور جعلی دستخط کر دیے۔ پھر ہمارے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ کرایا گیا۔ وہ بااثر آدمی ہمیں دھمکاتا بھی رہتا ہے۔”

بہنوں کی پریشانی
ایک اور قیدی کی بہن شہلا بیبی کا کہنا ہے: “ہم بہت پریشان ہیں۔ ہمیں درست معلومات نہیں دی جا رہیں۔ صرف آسرا دیا جا رہا ہے کہ ملاقات کروا دیں گے۔ ہم انتظار کر رہے ہیں لیکن کب تک؟”
البتہ قیدی ظفر اقبال کی بہن نبیلا خوش قسمت ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا ہے: “اتفاق سے میری اپنے بھائی سے ملاقات ہو گئی ہے۔ باقی لوگ واقعی انتظار کر رہے ہیں۔ میرا بھائی بالکل ٹھیک ہے – میں بہت پریشان تھی لیکن اب مجھے تسلی ہو گئی ہے۔”

ذہنی معذور قیدی کی بیوی کا غم
جیل کے دروازے پر بیٹھی ثمینا کی حالت دیکھنے کے قابل ہے۔ وہ اپنے شوہر کے بارے میں مکمل طور پر لاعلم ہیں: “میرا شوہر ذہنی طور پر معذور ہے۔ مجھے ان کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں۔ وہ اس حالت میں کہاں جائے گا؟ کیا کرے گا؟”
جیل انتظامیہ کی خاموشی
جیل انتظامیہ ان خاندانوں کی پریشانی کا مداوا کرنے کو تیار نظر نہیں آتی۔ زیادہ تر اہل خانہ کا شکوہ ہے کہ انہیں کوئی واضح معلومات نہیں دی جا رہیں۔ بعض کو صرف یہ کہا جا رہا ہے کہ “انتظار کریں” یا “ملاقات کا انتظام کیا جائے گا”۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملیر علاقے میں زلزلے کے مسلسل جھٹکوں کے باعث قیدیوں میں خوف پھیل گیا۔ گذشتہ کچھ دنوں میں ملیر میں 20 بار زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ ارشد احمد شاہ نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: “رات گیارہ بجے جب زلزلے کے جھٹکے آئے تو قیدیوں کا خوف بڑھ گیا۔ انہیں لگا کہ بیرک کی چھت گر جائے گی۔ اس کے بعد انہوں نے مل کر بیرک کے دروازے توڑ دیے اور فرار ہونے کی کوشش کی۔”
سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے باعث ایک قیدی ہلاک ہو گیا جبکہ 216 میں سے 94 قیدی واپس گرفتار ہو چکے ہیں۔ 122 قیدی اب بھی مفرور ہیں جن کے خلاف شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے کی شدت کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فوری اقدامات کیے گئے۔ آئی جی جیلز، ڈی آئی جی اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
گورنر سندھ نے وزیر اعلیٰ کی سفارش پر ترمیمی آرڈیننس جاری کیا ہے جس کے تحت آئندہ سندھ بھر کی جیلوں کے انتظامی عہدوں پر سول سروسز کے افسران تعینات کیے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی تعیناتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، لیکن فی الوقت اصل مسئلہ ان پریشان خاندانوں کا ہے جو اپنے عزیزوں کی خیریت کے لیے بے قرار ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here