۱۱ جون ۲۰۲۵

رپورٹ : رانا مالہی


اسلام آباد

راولپنڈی کے صدر بارونی کے علاقے میں گزشتہ روز دسویں جماعت کی طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا، جس کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ اس کی بیٹی جو کہ دسویں جماعت کی طالبہ ہے، گزشتہ کئی دنوں سے پریشانی کا شکار تھی۔ استفسار پر اس نے اپنے والد کو بتایا کہ اس کے بھائی کے دوست نے اس سے شادی کا وعدہ کیا تھا۔ بعد ازاں اس کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کیے اور اس کی قابل اعتراض ویڈیوز بنائیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے بعد میں لڑکی کو دھمکی دی کہ وہ اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دے گا۔ ملزم نے اپنے کزن کے ساتھ ویڈیوز بھی شیئر کیں جس نے اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا اور اس سے تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

شکایت کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جبکہ دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں عیدالاضحٰی کے دوسرے روز ایک شخص نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون کی شکایت پر مورگاہ پولیس میں ایف آئی آر درج کی۔

جبکہ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راولپنڈی کے نواحی علاقے میں شوہر نے بیوی کو چاقو کے وار کر کے قتل کردیا تھا اور پولیس نے ملزم گرفتار کیا تھا۔

اسی طرح 2025 کے آغاز میں راولپنڈی میں جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں۔ جنوری 2025 میں راولپنڈی کی فیملی کورٹس میں 859 مقدمات درج کیے گئے، جن میں طلاق، بچوں کی حوالگی، مالی معاونت، اور مصالحتی کوششوں سے متعلق کیسز شامل تھے۔ ان میں سے کئی کیسز گھریلو تنازعات اور تشدد سے متعلق تھے۔

راولپنڈی میں خواتین کے خلاف زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی ہیلپ لائن 1737 کو 2024 کے دوران راولپنڈی ضلع سے خواتین کی جانب سے 1,256 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 489 گھریلو تشدد سے متعلق تھیں۔ ان میں سے 1,089 کیسز حل کیے گئے جبکہ 167 زیر التواء ہیں۔

مزید برآں، 2023 کے پہلے چار ماہ میں راولپنڈی ڈویژن میں خواتین کے خلاف تشدد کے 636 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جن میں اغواء، جنسی زیادتی، غیرت کے نام پر قتل، انسانی اسمگلنگ اور جسمانی تشدد شامل ہیں۔

ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کے خلاف جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مختلف قوانین موجود ہیں:

پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 375 اور 376 کے تحت ریپ یا جنسی زیادتی کی واضح تعریف کی گئی ہے۔ اس قانون کے مطابق اگر کوئی مرد کسی عورت سے اُس کی مرضی کے خلاف جسمانی تعلق قائم کرتا ہے، تو اسے دس سال سے لے کر عمر قید یا سزائے موت تک کی سزا دی جا سکتی ہے۔ گینگ ریپ کی صورت میں سزا اور بھی سخت ہے۔

حالیہ برسوں میں جنسی جرائم کے خلاف قانونی کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت نے 2021 میں “اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ” منظور کیا۔ اس قانون کے تحت ایسے جرائم کی تفتیش اور مقدمات کو تیز رفتاری سے نمٹانے کے لیے مخصوص عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور خواتین پولیس افسران کی موجودگی میں متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ کرنے کی شرط رکھی گئی ہے، تاکہ اسے مزید ذہنی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کے پیش نظر 2020 میں “زینب الرٹ، ریسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ” بھی متعارف کروایا گیا۔ اس قانون کا مقصد کسی بھی بچے کے اغوا یا زیادتی کے واقعے کی صورت میں فوری اطلاع اور کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے لیے ایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے پولیس، نادرا اور دیگر ادارے فوری رابطے میں آ کر بچے کی تلاش اور مجرم کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو جاتے ہیں۔

خواتین کو دفاتر، اداروں یا کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی سے بچانے کے لیے 2010 میں ایک علیحدہ قانون “پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس ایکٹ” منظور کیا گیا۔ اس کے تحت ہر ادارے میں ایک انکوائری کمیٹی کا قیام لازمی ہے جو شکایت کی جانچ پڑتال کرتی ہے اور ثابت ہونے پر ملازم کو وارننگ، جرمانے یا نوکری سے برخاست کیے جانے کی سفارش کرتی ہے۔

ڈیجیٹل دور میں آن لائن ہراسانی کے بڑھتے واقعات کو روکنے کے لیے “پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016” نافذ کیا گیا ہے، جو سائبر ہراسمنٹ، فحش مواد کی تقسیم، بلیک میلنگ یا نازیبا ویڈیوز و تصاویر کے خلاف کارروائی کو ممکن بناتا ہے۔ ایسے مقدمات میں ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ تحقیقات کا مجاز ادارہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here