۱۲ جون ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

پنجاب کے شہر خانیوال کے نواحی علاقے کچا کھوہ میں عید کے تیسرے روز 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ لڑکی امام بارگاہ میں مجلس سننے کے لیے گھر سے نکلی تھی جب دو ملزمان، زوہیب اور صدف، نے اسے زبردستی قریبی احاطے میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ کچا کھوہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 375 اے شامل کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق لڑکی امام بارگاہ جارہی تھی کہ ملزمان نے اسے زبردستی پکڑ کر قریبی احاطے میں لے جا کر زیادتی کی۔ لڑکی کے شور مچانے پر محلے کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے، جس کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔

متاثرہ بچی کی والدہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے شوہر ستھرا پنجاب پروگرام میں ملازم ہیں۔ ان کے مطابق ملزمان ہمسائے ہیں اور جان پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر وسیم ریاض نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور مقدمہ درج کیا گیا۔ ان کے مطابق ملزمان نے عدالت سے 21 جون تک کی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانیوال، اسماعیل کھاڑک، نے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور وہ تفتیش کی نگرانی کر رہے ہیں۔

یہ بات یہاں قبل ذکر ہے کہ آج سے کچھ روز قبل ہی پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے کسوکی میں بھی گینگ ریپ کا واقعہ سامنے آیا ۔ جہاں آٹھ ملزمان نے مبینہ طور پر شوہر کو رسیوں سے باندھ کراسکی بیوی کو اس کی آنکھوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، جب کہ ایک ملزم اس واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔ اس واقعہ میں ملوث آٹھ ملزمان میں سے تین اب تک مبنیہ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

پنجاب پولیس کی ویب سائٹ پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، جنوری 2025 سے 30 اپریل 2025 تک اجتماعی زیادتی کے 382 مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں سے 226 مقدمات میں چالان جمع کروا دیا گیا ہے، 95 مقدمات تاحال زیرِ تفتیش ہیں، 7 مقدمات میں ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا، جبکہ 54 مقدمات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

سسٹین ایبل سوشل ڈیوپلمینٹ تنظیم (ایس ایس ڈی او) کے اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں تمام صوبوں میں پنجاب میں صنفی بنیادوں پر تشدد (جی بی وی) کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق، پنجاب میں 4,641 زیادتی کے کیسز کے واقعات رپورٹ کیے گئے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here