12 جون 2025
تحریر رانا مالہی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کو ایف آئی اے کی جانب سے مبینہ ہراسانی کے خلاف دائر درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو انہیں ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔
جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی اور ایف آئی اے سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جون کے آخری ہفتے تک جواب طلب کیا۔
فرحت اللہ بابر نے اپنے وکلاء ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کی، جس میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق فرحت اللہ بابر کو بار بار مبہم اور غیرقانونی نوٹسز اور سمنز جاری کیے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کی انکوائری 25 مارچ کو ایک ایسے شہری کی شکایت پر شروع کی گئی جسے فرحت اللہ بابر جانتے ہی نہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شہری نے درخواست گزار پر “مشکوک بدعنوانی، ٹیکس چوری اور ناجائز اثاثوں کے حصول” کا الزام عائد کیا۔ فرحت اللہ بابر 28 مارچ کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے تاہم انہیں شکایت کی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔
اس کے بعد 11 اپریل 2025 کو وٹس ایپ کے ذریعے 12 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ ارسال کیا گیا، اور یہ ہدایت دی گئی کہ جوابات 7 اپریل 2025 تک جمع کروائیں، جو کہ ممکن ہی نہیں تھا۔
عدالت نے عبوری حکم میں ایف آئی اے کو ہراسانی سے روک دیا اور کیس کی سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔
کیس کا پس منظر
یاد رہے کہ فرحت اللہ بابر کو 28 مارچ 2025 کو ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل کا دستخط شدہ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ نوٹس کے مطابق فرحت اللہ بابر سے ان کے تمام منقولہ و غیر منقولہ اثاثے، بینک اکاؤنٹس، گاڑیاں، انکم ٹیکس گوشوارے، آمدن کے ذرائع، سینیٹ کے دوران حاصل کردہ مراعات، بیرون ملک سے حاصل شدہ فنڈز، اور دیگر تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔
انہیں ایک 12 نکاتی سوالنامہ بھیجا گیا جس کا جواب 7 اپریل تک مانگا گیا، حالانکہ یہ سوالنامہ 11 اپریل کو وٹس ایپ کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔
فرحت اللہ بابر کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی پر انسانی حقوق کے کارکنان، وکلا، صحافیوں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے فوری طور پر تحقیقات واپس لے اور اس ہراسانی کی مہم کو بند کرے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) نے بھی اس انکوائری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاستی مشینری کے ذریعے اختلاف رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔ ایچ آر سی پی نے انکوائری کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی اور فرحت اللہ بابر کی کردار کشی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ختم کرنے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اس انکوائری کو بے بنیاد اور قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرحت اللہ بابر ایک دہائی سے زائد عرصے سے کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھتے، ان کے خلاف اس وقت تحقیقات کا آغاز سمجھ سے بالا تر ہے۔
فرحت اللہ بابر ایک طویل سیاسی کیریئر رکھنے والے سینیئر رہنما ہیں، جنہوں نے انسانی حقوق، جبری گمشدگیوں، اظہار رائے کی آزادی، اور دیگر حساس موضوعات پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے افغان مہاجرین، خواتین کے حقوق، جبری گمشدگیوں، اور صحافیوں پر حملوں کے خلاف بار بار آواز بلند کی ہے۔