رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں کسی ممکنہ جنگ کے خدشے نے نہ صرف عالمی معیشت بلکہ جنوبی ایشیائی خطے، خصوصاً پاکستان کے لیے بھی نئے چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں۔
بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کھلی جنگ میں تبدیل ہوئی تو اس کے فوری اثرات تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ پاکستان، جو توانائی کے لیے درآمدات پر انحصار کرتا ہے، ایسی کسی بھی صورتحال میں شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔
پاکستان کی پارلیمنٹ میں بھی اس معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی جمال رئیسانی نے کہا کہ ویسے تو جنگ کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے، لیکن بلوچستان کے وہ اضلاع جو ایران کی سرحد سے متصل ہیں، سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس بات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کسی بھی جنگی صورتحال میں پاکستان کے مغربی سرحدی علاقے سیکیورٹی اور تجارت جیسےبحرانوں کا سامنا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر زوالفقار علی بھٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ جنگ کے باعث پاکستان میں معاشی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں، تو اس کا براہ راست اثر پٹرولیم مصنوعات، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور مہنگائی پر پڑے گا، جو عام شہری کے لیے بڑا مسئلہ بن جائے گا۔
معاشی اثرات کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کا تحفظ بھی ایک بڑا سوال بن چکا ہے۔ سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا دنیا کی بڑی طاقتوں کو چاہیے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع کو بات چیت سے حل کروائیں، تاکہ انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو اور دنیا ایک اور بڑی جنگ سے بچ سکے۔
ادھر عالمی منڈیوں میں بھی اس کشیدگی کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اسٹاک مارکٹس میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے اور سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے باعث محتاط ہو چکے ہیں۔
ایران اور اسرائیل کی یہ کشیدگی صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں بلکہ اس کے سائے پاکستان اور جنوبی ایشیائی خطے پر بھی منڈلا رہے ہیں۔ ان حالات میں عالمی برادری کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ امن کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرے، تاکہ دنیا ایک اور تباہ کن جنگ سے محفوظ رہ سکے۔