17 جون 2025
سٹاف رپورٹ
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ کم از کم تنخواہ چالیس ہزار ہونی چاہیے، اور بجٹ کی حتمی منظوری میں یہ چالیس ہزار ہی ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی بجٹ میں کم از کم تنخواہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا اور اسے 37 ہزار روپے پر ہی برقرار رکھا گیا تھا، جس کے بعد حکومت پر سخت تنقید کی گئی تھی۔
تاہم وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فی الحال کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے مناسب ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں ہوگا۔
آج نیوز کے پروگرام “سپاٹ لائٹ” میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا بیان اپنی جگہ، لیکن عوام تو سیاست دانوں کے پاس ہی آتے ہیں، اور اس حوالے سے خاصا دباؤ موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کر دیا جائے اور کم از کم تنخواہ نہ بڑھائی جائے۔ میں ذاتی طور پر اس کے حق میں ہوں کہ کم از کم تنخواہ چالیس ہزار مقرر کی جائے۔
تاہم پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے علی سرفراز نے کم از کم تنخواہ کو چالیس ہزار مقرر کرنے کو بھی ناکافی قرار دیا اور کہا کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں چالیس ہزار روپے میں بھی گزارہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول پر سو روپے سے زائد پیٹرولیم لیوی عائد کر رکھی ہے، اور اگر ایران کی جنگ کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت کو چاہیے کہ لیوی کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔
بجٹ میں ایف بی آر کو گرفتاری کا اختیار دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ یہ اختیار پہلے بھی موجود تھا اور اس کا اثر عام لوگوں پر نہیں پڑتا، نہ ہی یہ کوئی مؤثر طریقہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کا مقصد صرف لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔
ایم این اے علی سرفراز کا کہنا تھا کہ جب بھی ایف بی آر کو پولیسنگ جیسے سخت اختیارات دیے گئے ہیں تو قومی خزانے کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا ہے، اور انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس بار بھی شاید نشانہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والا کوئی کاروباری بنے۔
دوسری جانب پروگرام میں ایران اسرائیل کے جاری تنازعے پر بات کرتے ہوئے ایران میں پاکستان کے سابق سفیر آصف درانی کا کہنا تھا کہ یہ حملہ اسرائیل اور امریکہ کی ملی بھگت سے ہوا تھا، اور امریکہ اسرائیل کو ایرانی حملے روکنے میں مدد دے رہا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل حملے کی وجہ ایران کی نیوکلیئر صلاحیت بتاتا ہے، لیکن دراصل وہ ایران میں “رجیم چینج” چاہتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے علاوہ امریکہ بھی ایران میں حکومت کی تبدیلی کا خواہاں ہے، کیونکہ اس کے بعد امریکہ کے ایران سے متعلق نیوکلیئر سمیت تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ گزشتہ 45 سال میں ممکن نہیں ہو سکا اور شاید اب بھی ممکن نہ ہو۔
ایران اسرائیل تنازعے میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور ہم ان کی سفارتی مدد کر رہے ہیں، لیکن ہم اس تنازعے میں غیر جانب دار (نیوٹرل) رہیں گے۔ پاکستان نے آج تک کسی کی فوجی مدد نہیں کی۔