17 جون 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے 17 ہزار 573 ارب روپے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے، جس میں بجٹ خسارہ 6501 ارب روپے بتایا گیا ہے، جبکہ صرف سود کی ادائیگیوں پر 8207 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد ایوان زیریں میں اس پر بحث کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کو “عوام دشمن” قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر ایمل ولی خان نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بجٹ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر نہیں، بلکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تقاضوں کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ عوام کا نہیں، بلکہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔
اسی طرح جمعیت علماء اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر نے بجٹ کو “ٹیکس آرڈیننس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ایف بی آر کو غیر معمولی اختیارات دیے جا رہے ہیں۔ یہ ایک بجٹ نہیں بلکہ ایف بی آر کو آزادی دینے والا آرڈیننس ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیریسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ حکومت نے بجٹ سے پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، اور اگر یہ بجٹ منظور ہو گیا تو مہنگائی مزید بڑھے گی۔ بجٹ سے پہلے ہی عوام پر بوجھ ڈال دیا گیا ہے، اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری رہے گا اور جون کے اختتام پر بجٹ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ منظوری کی صورت میں یہ بجٹ یکم جولائی 2025 سے نافذالعمل ہوگا۔