19 جون 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: جمعرات کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں نہ دینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
سماعت سپریم کورٹ کے 11 رکنی فل کورٹ بینچ نے کی جس کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی اور کنول شوزب کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل پیش کیے، سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل میں بتایا کہ وہ دو ججز اور آٹھ ججز کے فیصلوں کا موازنہ پیش کریں گے۔
جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے تبصرہ کیا کہ یہ نکات آپ نے مرکزی کیس میں پیش نہیں کیے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز راجہ کا ایک شعر ذہن میں چلتا رہا، جس پر انہیں 2018 کے انتخابات کے ایک کارٹون کی یاد آئی جس میں ایک باکسر کے ہاتھ بندھے تھے اور دوسرے کے آزاد۔
جسٹس مندوخیل نے کہا کہ “جج مصلحین نہیں بن سکتے، یہ کام سیاسی جماعتوں کا ہے۔”
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ 41 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کا نام کیوں درج نہیں تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ الیکشن کمیشن پنجاب نے یہ فیصلہ کیا تھا۔
اس پر جسٹس مندوخیل نے واضح کیا کہ کاغذات نامزدگی پر فیصلہ ریٹرننگ آفیسرز کا ہوتا ہے، نہ کہ الیکشن کمیشن کا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرتی ہیں، تو ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ میچورٹی کا مظاہرہ کریں۔
جسٹس مندوخیل نے سلمان راجہ کے ایک سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو گرفتار کیے جانے اور ٹافیاں دینے کا ذکر عدالت کے لیے سرپرائز تھا۔ سلمان راجہ نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے لیے سرپرائز نہیں تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی مقدمہ نہیں بلکہ عوامی مفاد کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے آئینی آرٹیکلز 184(3)، 185(3) اور 187 کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ عدالت مکمل انصاف کے لیے اختیارات استعمال کر سکتی ہے۔
جسٹس امین الدین، جسٹس مظہر، جسٹس افغان اور دیگر ججز نے متعدد سوالات اٹھائے کہ کیا مخصوص نشستوں کو خالی نہ رکھنا آئینی طور پر ممنوع ہے؟ اگر کوئی سیاسی جماعت درخواست دائر کرنے میں غلطی کرے تو کیا عدالت اسے درست کر سکتی ہے؟
سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ “ہمارے سامنے دیوار کھڑی کی گئی، اور اگر ہم نے وہ گرائی تو سوال یہ ہونا چاہیے کہ وہ دیوار کھڑی کس نے کی؟”
جسٹس امین نے کہا کہ “دیوار آپ نے کھڑی کی، آپ سنی اتحاد کونسل میں گئے اور وہ عدالت میں آ گئے۔
سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان بھی دلچسپ مکالمہ ہوا۔ راجہ نے کہا کہ جسٹس ہلالی نے ووٹ کو بنیادی حق نہ ہونے سے متعلق سوال پوچھا تھا، جس پر جسٹس ہلالی نے تبصرہ کیا، مجھے آپ کا جواب شام کو فیک آئی ڈی سے سوشل میڈیا پر مل گیا۔ اگر عدالت میں جواب نہیں دے سکتے تو سوشل میڈیا پر کیوں دیتے ہیں؟
سماعت کے اختتام پر کیس کی اگلی تاریخ کے تعین پر بھی وکلا اور عدالت کے درمیان بحث ہوئی۔ سلمان اکرم راجہ نے درخواست کی کہ کیس پیر کے روز مقرر کیا جائے کیونکہ جمعرات کو ان کا ایک اہم مقدمہ ہے۔
سینئر وکیل حامد خان نے عدالت کو یاد دلایا کہ “یہ کیس دس مہینے مقرر نہ ہوا، اب چھٹیوں میں سماعت ہو رہی ہے۔ 12 جولائی کے فیصلے کے خلاف 6 مئی کو کیس لگا۔ ایسی کارروائی غیر مثالی ہے۔
جسٹس امین الدین نے کہا کہ “یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، آپ اپنی باری پر بات کریں۔ ابھی سلمان اکرم راجہ دلائل دے رہے ہیں۔”
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا، ہم نے اپنی چھٹیاں قربان کر کے یہ کیس سننے کا فیصلہ کیا ہے، پچھلے سال ججز نے چھٹیوں کی وجہ سے کیس نہیں سنا۔
حامد خان نے مؤقف اپنایا کہ وہ دلائل میں بتائیں گے کہ تاخیر کی وجہ کیا تھی۔
سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی درخواستوں پر سماعت کل صبح 9:30 بجے تک ملتوی کر دی ہے۔ سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل کل بھی جاری رکھیں گے۔