19 جون 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ نے جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے تبادلے اور سینیارٹی کے معاملے پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، جس میں 3-2 کی اکثریت سے ججز کے تبادلے کو آئینی قرار دیتے ہوئے دائر درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
پانچ رکنی بینچ کی اکثریتی رائے میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل تھے، جنہوں نے کہا کہ جج کا تبادلہ، چاہے عارضی ہو یا مستقل، نہ تو غیر آئینی ہے اور نہ ہی یہ نئی تقرری کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ جج کے تبادلے کی نوعیت (عارضی یا مستقل) اور سینیارٹی کا تعین صدرِ مملکت کریں گے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں دوبارہ وضاحت ضروری ہے۔ جب تک نیا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا، جسٹس سرفراز ڈوگر بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شکیل احمد نے اختلافی نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کا تبادلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر آئینی جواز کے ججز کا تبادلہ کیا، جبکہ آئین کے تحت تبادلہ شدہ جج کو مستقل ہائی کورٹ جج تعینات نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق تبادلوں میں جلد بازی اور بدنیتی واضح ہے۔
قانونی حلقوں اور وکلا برادری کا شدید ردعمل
فیصلے کے بعد قانونی حلقوں سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
سینیئر وکیل ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو تین ججز کا فیصلہ ہے، یہ تو کمپرومائزڈ ججز کا کمپرومائزڈ فیصلہ ہے۔ ہم اسے تسلیم نہیں کرتے اور اس کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
جو فیصلہ دو معزز جج صاحبان، جسٹس شکیل اور جسٹس نعیم خان نے لکھا ہے، ہم ان کو سراہتے ہیں۔
جس انداز اور حالات میں ان ججز کو لایا گیا، یہ بدنیتی پر مبنی ہے، اور اس کا مقصد عدالت کو مینیج کرنا اور اپنی مرضی کے فیصلے لینا ہے۔
آئی ایس آئی کی مداخلت کے ذریعے عدلیہ کو زیرِ نگین رکھنے کی کوشش کی گئی۔ یہ فیصلہ بالکل غلط ہے۔
اسی طرح، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ریاست علی آزاد نے بھی فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا یہ میرٹ کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے۔ دو ججز نے ایک تاریخی فیصلہ دیا، ہم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
26ویں آئینی ترمیم کے بعد اس ملک میں عدلیہ جیسی کوئی چیز نہیں بچی۔
ججز صرف اپنی نوکریاں سیدھی کرنے کے لیے فیصلے دے رہے ہیں۔
ہم اس ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور رول آف لا چاہتے ہیں۔
اگر اسلام آباد ہائی کورٹ میں نشستیں خالی تھیں، تو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے انہیں پر کیا جانا چاہیے تھا، نہ کہ بدنیتی پر مبنی تبادلوں کے ذریعے۔
کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ رواں برس 20 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں، جن میں دیگر ہائی کورٹس سے لائے گئے ججز کی سینیارٹی اور قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ان میں شامل ججز جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد آصف، اور جسٹس خادم حسین سومرو کا تبادلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیا گیا تھا، جس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موجودہ ججز نے اپنی سینیارٹی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔