03 جولائی 2025
سٹاف رپورٹ
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جس کے تحت آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور فاٹا کا انضمام ختم کر دیا جائے گا۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کے انضمام کو اس لیے ختم کیا جا رہا ہے تاکہ قبائلی اضلاع میں موجود معدنی وسائل کو وفاق کے اختیار میں لایا جا سکے۔
پروگرام میں شریک وفاقی وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ قانون سازی کرنا حکومت کا اختیار ہے، تاہم اس عمل سے صوبائی خودمختاری کی نفی نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق صوبوں کے وسائل ان ہی کو ملیں گے، اور مجموعی طور پر اس سے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔
ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی حالیہ تعیناتیوں کے حوالے سے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے چھبیسویں ترمیم میں کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ آئین کا ساتھ دیا تھا، لیکن اس ترمیم کے تحت ہونے والی حالیہ تعیناتیاں غلط طریقے سے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن نے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ہائی کورٹس میں مستقل چیف جسٹسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ، جسٹس روزی خان کو بلوچستان ہائی کورٹ اور جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس نامزد کیا گیا ہے۔
جسٹس ڈوگر لاہور ہائی کورٹ میں سینیارٹی میں پندرہویں نمبر پر تھے اور تبادلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ آئے تھے۔ ان کے تبادلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت عظمیٰ نے خارج کرتے ہوئے تبادلے کو آئینی قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے نامزد چیف جسٹس عتیق شاہ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے نامزد چیف جسٹس روزی خان سینیارٹی میں دوسرے نمبر پر تھے، یعنی اس بار بھی سینیارٹی کا اصول نظر انداز کیا گیا۔
پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے رہنما اور جوڈیشل کمیشن کے رکن سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سینئر موسٹ جج کو ہی چیف جسٹس بننا چاہیے۔ انہوں نے کمیشن میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر سینئر موسٹ جج کو چیف جسٹس نہیں بنانا تو اس کی وجوہات واضح کی جائیں، لیکن انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا۔
‘عمران خان نے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی ضرورت نہیں’
تحریک انصاف کی آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پارٹی کے کئی رہنما کافی عرصے سے عمران خان سے ملاقات نہیں کر پا رہے، اور ان کی رہنمائی کے بغیر احتجاج یا مذاکرات سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انہیں کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت پر جے یو آئی ف کا مؤقف
خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کا اصولی مؤقف ہے کہ وہ کے پی اسمبلی اور پارلیمنٹ کو عوام کی نمائندہ حکومت نہیں سمجھتی۔ ان کے مطابق اس میں شامل ہونا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی صرف اسٹیبلشمنٹ کے فیس سیونگ کے لیے قائم ہے۔