08 جولائی 2025
تحریر
اسلام گل
خیبر
گرمیوں کے موسم میں ضلع خیبر کے میدان علاقوں کے لوگ سیر و تفریح کے لیے وادی تیراہ جایا کرتے تھے، لیکن نوررحمان جیسے کئی افراد پچھلے انیس مہینوں سے باڑہ بازار کے قریب سپن قبر کے علاقے میں ایک خیمے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ جہاں پہلے سیاحوں کی چہل پہل ہوتی تھی، آج وہ خود اپنے خاندان سمیت مہاجرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ نوررحمان کے مطابق، سوائے ایک خیمے کے، کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔
اکتوبر 2023 میں وادی تیراہ کے مختلف قبائل، جن میں سپاہ، کمر خیل، آکا خیل اور ذخہ خیل شامل ہیں، نے خراب امن و امان کے باعث تیسری مرتبہ نقل مکانی کی۔ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر سنڈاپال، خوپور، علام علی، جڑوبی، دریہ نعری اور درونٹا جیسے مقامات خالی کروا لیے گئے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے:
پہلی بار 2013 میں لوگ بے گھر ہوئے اور 2018 میں واپسی کی اجازت دی گئی۔
دوسری بار 2021 میں نقل مکانی ہوئی اور 15 سے 20 دن بعد واپسی ممکن ہوئی۔
تیسری بار اکتوبر 2023 میں علاقے کو پھر سے خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔
چالیس سالہ رحمان گل، جو متاثرین کمیٹی کے سرگرم رکن ہیں، باڑہ میں وادی تیراہ سے بے گھر ہونے والے تقریباً 500 خاندانوں کے مسائل اجاگر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اب تک بے گھر افراد کی باقاعدہ رجسٹریشن نہیں کی اور نہ ہی ان کو کسی قسم کی امداد دی گئی ہے۔ ان کے مطابق، خیمے بھی صرف چند خاندانوں کو فراہم کیے گئے ہیں۔
رحمان گل نے مزید بتایا کہ متاثرین کا پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں، جس کے باعث ادارہ کسی قسم کی مدد فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ وادی میں بدستور کشیدگی قائم ہے اور حکومتی سطح پر جاری عسکری کارروائیوں کے باعث مقامی آبادی کو پھر سے علاقہ خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔ تاہم، اس حکم کو مقامی قیادت اور عمائدین نے مسترد کر دیا ہے۔
پانچ جولائی کو وادی میں ایک بڑا جلسہ ہوا جس میں نہ صرف مقامی افراد بلکہ باڑہ سیاسی اتحاد کے کئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس جلسے میں متفقہ طور پر نقل مکانی اور “امن لشکر” بنانے کی حکومتی تجویز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔ اس کے بعد چھ جولائی کو باڑہ میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور سیاسی قیادت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے کہا کہ گیارہ جولائی کو خیبر چوک، باڑہ میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں نہ صرف مقامی عوام بلکہ جمرود، لنڈی کوتل، درہ آدم خیل اور پشاور کے عوام سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں نے امن کی خاطر جان و مال کی بھاری قربانیاں دی ہیں، لیکن بدلے میں کچھ حاصل نہیں ہوا۔
وادی تیراہ کے مقامی رہنما ملک شاہ آفریدی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگ امن لشکر بنانے کے لیے ہرگز تیار نہیں کیونکہ امن قائم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سالوں کی مہاجرت کے بعد جب لوگ واپس گئے تو ان کے گھر بار تباہ ہو چکے تھے اور زرعی زمینیں بنجر ہو گئی تھیں۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زندگی کو دوبارہ بحال کیا، مگر بدقسمتی سے 2022 سے ایک بار پھر بدامنی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا:
“ہم مزید نقل مکانی کے لیے تیار نہیں، یہیں جینا ہے اور یہیں دفن ہونا ہے۔”
رحمان گل نے مزید بتایا کہ سینکڑوں خاندان ایسے ہیں جو پہلے مرحلے میں بے گھر ہوئے تھے، مگر ابھی تک اپنے علاقوں کو واپس نہیں جا سکے۔ ان کے بقول، سیکیورٹی اداروں کے پاس 500 خاندانوں کا ڈیٹا موجود ہے، لیکن متاثرہ افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیارہ جولائی کو ہونے والا جلسہ بہت اہم ہے، سب چاہتے ہیں کہ امن قائم ہو، لیکن بے گھر افراد اس میں احتجاجاً شرکت نہیں کریں گے کیونکہ ان کے مسائل پر بات ہی نہیں کی جاتی۔
ہاشم خان آفریدی نے کہا کہ سیاسی اتحاد ہر اجلاس اور اہم ملاقات میں متاثرین کے مسائل اجاگر کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی کمیٹی کو چاہیے کہ وہ سیاسی اتحاد کے اجلاسوں میں شرکت کرے تاکہ ان کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا موقع دیا جا سکے۔ جلسے کے بائیکاٹ پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے اقدامات مناسب نہیں، کیونکہ سیکیورٹی مسائل پوری آبادی کو متاثر کر رہے ہیں، اور امن کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو کمزور نہیں، بلکہ مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
نوررحمان کے مطابق، وادی تیراہ سے بے گھر ہونے والے کئی خاندان پشاور اور نوشہرہ کے مختلف بھٹہ خشت (اینٹوں کے بھٹوں) پر مزدوری کر رہے ہیں، جہاں وہ اپنے بچوں اور بیویوں سمیت انتہائی کٹھن زندگی گزار رہے ہیں۔
قبائلی اضلاع میں خراب امن و امان، ممکنہ فوجی کارروائی اور مسلسل نقل مکانی کے خلاف باجوڑ، خیبر، شمالی و جنوبی وزیرستان میں عوامی سطح پر احتجاجی جلسے ہو رہے ہیں۔
گیارہ جولائی کو ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور وادی تیراہ، جبکہ 14 جولائی کو باجوڑ میں بڑے عوامی جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے۔