08 جولائی 2025
تحریر: کلیم اللہ
شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں اُتمانزئی جرگے کی جانب سے علاقے میں امن کی خاطر ایک بڑا احتجاج کیا گیا، جس میں مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ یہ جرگہ سپین وام چوک پر منعقد ہوا تھا۔
اس جرگے میں شریک مسمن خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے محمد اسماعیل نے وائس پی کے کو بتایا کہ “ہم نے اس جرگے میں اس لیے شرکت کی کیونکہ یہاں امن و امان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت ہمارے علاقے میں ایک نئے آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔ ہم اس کے خلاف نکلے تاکہ حکومت کو بتا سکیں کہ ہم مزید کسی بھی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ ماضی میں جو آپریشنز کیے گئے، ان سے عام لوگوں کو نقصان کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ اس لئے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ آپریشن کئے بغیر یہاں پر امن کو یقینی بنائے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اس بار ہمارے جنازے تو نکل سکتے ہیں، ہماری قبریں یہاں ہمارے گھروں کے سامنے بن سکتی ہیں، لیکن ہم اپنا علاقہ چھوڑ کر دوبارہ کیمپوں میں زندگی نہیں گزاریں گے۔”
اس جرگے سے تین روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں وزیرستان کی تمام اقوام پر مشتمل اُتمانزئی قومی جرگہ منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ جرگہ اُتمانزئی قومی مشیران کی جانب سے بلایا گیا تھا تاکہ علاقے میں ممکنہ فوجی آپریشن کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
جرگے میں شریک اُتمانزئی قومی جرگہ کے ترجمان مفتی بیت اللہ نے وائس پی کے کو بتایا کہ “چند دن قبل ڈپٹی کمشنر نے علاقے کے مشیران کو بلایا تھا، جہاں دھمکی آمیز لہجے میں کہا گیا کہ حکومت نے آپریشن کا ارادہ کر لیا ہے، اس لیے آپ لوگ بتائیں کہ آپ طالبان کے ساتھ ہیں یا فوج کے ساتھ۔ ہم نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں سے وقت مانگا اور کہا کہ ہم اتنے اہم فیصلے اتنی جلدی میں نہیں کر سکتے۔ سپین وام کا آج کا جرگہ بھی شمالی وزیرستان کی تمام اقوام سے مشاورت اور انہیں متحرک کرنے کی ایک کڑی ہے۔”
میرعلی میں ہونے والے جرگے کے لیے تمام علاقوں کی مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے تھے، اور جمعہ کی نماز میرعلی میں جرگے کے مقام پر ادا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مفتی بیت اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عوامی دباؤ کے باعث حکومت کی جانب سے ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ شاید وہ آپریشن نہ کرے۔ ساتھ ہی جرگے کی یہ کوشش بھی ہے کہ علاقے کے مشیران مسلح تنظیموں سے بھی مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ انہیں بھی سمجھایا جا سکے کہ وہ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا نہ کریں۔
مقامی لوگ اس ممکنہ آپریشن کو حکومت کی جانب سے علاقے کے قدرتی وسائل پر قبضے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔ ان جرگوں میں شریک عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک اہم قبائلی رہنما نثار علی خان نے وائس پی کے کو بتایا کہ ’’یہ آپریشن خالصتاً ہمارے معدنی وسائل پر قبضے کے لیے کیا جا رہا ہے، تاکہ حکومت انہیں اپنے کنٹرول میں لے سکے۔ ان معدنیات پر قبضے کی وجہ سے ہی آئے روز یہاں بم دھماکے، خودکش حملے اور ڈرون حملے ہو رہے ہیں تاکہ حالات کو خراب کیا جا سکے اور آپریشن کا جواز پیدا کیا جا سکے۔ میرے خیال میں یہ سارا مسئلہ معدنیات کا ہے، اگر یہ نہ ہوتے تو یہاں آپریشن کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔”
سپین وام میں ہونے والے جرگے نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ آئندہ جمعہ کو رزمک سب ڈویژن کی تحصیلوں سے تعلق رکھنے والی اقوام کے ساتھ مشاورت کی جائے گی، اور ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔