09 جولائی 2025
رپورٹ :
محمد خورشید
ایبٹ آباد کے تھانہ میرپور کی حدود میں واقع حبیب اللہ کالونی میں 14 سالہ اقراء کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ معصوم اقراء سات ماہ سے ملزم حارث کے گھر ملازمہ تھی، جسے مسلسل جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ اس دلخراش واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
مقتول اقراء کے والد کے مطابق گھریلو ناچاقی کے باعث تین سال سے اقراء اپنی ماں کے ساتھ تھی۔ آٹھ ہزار ماہانہ تنخواہ پر ماں نے اسے ملزم حارث لطیف کے گھر کام پر رکھا تھا۔
معصوم بچی اقراء کے دادا پرنم آنکھوں سے کہتے ہیں کہ ہماری بچی کو بھوکا پیاسا رکھا اور اس کے ساتھ ظلم کی انتہا کی گئی۔ اسپتال کے ڈاکٹر نے بچی پر جنسی زیادتی اور تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بچی کو کئی دن سے بھوکا پیاسا رکھا گیا تھا۔
ڈی ایس پی میرپور سراج خان کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کر لی گئی اور سی ڈی آر بھی لے رہے ہیں۔ 14 سالہ اقراء کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، ملزم کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔
اس دلخراش واقعے کے خلاف سول سوسائٹی اور لواحقین نے احتجاج بھی کیا۔ اقراء کو انصاف دلانے کے لیے صحافیوں، سیاسی اور سماجی شخصیات پر مشتمل 9 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس کیس کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
یہ پہلا واقعہ نہیں، نہ جانے اور کتنی اقرائیں آج بھی خاموشی سے ظلم سہہ رہی ہیں۔ ایبٹ آباد جیسے تعلیم یافتہ شہر میں اس نوعیت کا دل دہلا دینے والا واقعہ معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ اقراء کا قتل ہمارے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ علاقے کے عوام نے کم عمر بچوں کے لیے بہتر قانون سازی اور اس کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔