تحریر
شیریں کریم
گلگت کے نواحی علاقوں شکیوٹ، شروٹ، بارگو اور بیارچی میں حالیہ دنوں آسمانی بجلی گرنے کے بعد آنے والے اچانک سیلاب نے ہر شے تہس نہس کر دی۔ قدرتی آفت نے نہ صرف زمین کو رولا دیا، بلکہ انسانوں کے دل بھی چیر ڈالے۔ درجنوں گھر شدید متاثر ہوئے، ہزاروں کنال زرعی اراضی، کھڑی فصلیں، باغات، مال مویشی، واٹر چینلز، درخت اور رابطہ سڑکیں صفحۂ ہستی سے مٹ گئیں۔
سیلاب کی خبر ملتے ہی لوگ جان بچانے کے لیے پہاڑوں اور اونچی جگہوں کا رخ کرنے لگے، مگر پانی کا ریلا اتنا شدید تھا کہ گاؤں کی ہر سمت تباہی کا منظر بن گیا۔
‘سب کچھ بہہ گیا ہے’
“جب سیلاب آیا، میں شکیوٹ میں تھا۔ ہماری کھڑی فصلیں، جو پورے سال کی محنت کا پھل تھیں، سب تباہ ہو گئیں۔ مکانات گر گئے، مال مویشی ختم ہو گئے۔ ہمارا واٹر چینل، ٹینکیاں، سب کچھ پانی میں بہہ گیا۔ اب کچھ بھی نہیں بچا۔” ظفر الحق کی یہ روداد دراصل شکیوٹ کے ہر گھر کی کہانی ہے۔ وہ کھیت جنہیں سینچنے میں ایک سال لگتا ہے، چند لمحوں میں مٹی میں دفن ہو گئے۔ وہ جانور جن سے خاندانوں کا چولہا جلتا تھا، پانی کی نذر ہو گئے۔
پیاس کا عذاب
سیلاب کے بعد شکیوٹ میں سب سے بڑا مسئلہ اب پینے کے صاف پانی کا ہے۔ وہی پانی جو بربادی لایا، اب نہ ملنے پر عورتیں اور بچے پانی کی تلاش میں میلوں پیدل پھر رہے ہیں۔ شیر زمان، جو خود سیلاب سے متاثر ہوئے، بتاتے ہیں: “پورے شکیوٹ کا مالی نقصان ہوا ہے۔ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے۔ بچے بوتلیں لے کر پانی ڈھونڈ رہے ہیں، مگر کہیں صاف پانی نہیں۔ حکومت نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔”
دس منٹ کی قیامت
عینی شاہد ثنااللہ نے بتایا:”اچانک آنے والے سیلاب نے پوری بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جب پانی گاؤں میں داخل ہوا تو زیادہ تر لوگ گھروں میں موجود تھے۔ نوجوانوں نے ہمت کی اور بچوں سمیت گھر کے افراد کو فوراً باہر نکالا۔ صرف دس منٹ میں سیلاب نے فصلوں، مویشیوں اور گھروں کو تباہ کر دیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔”
ریلیف نہیں، صرف خاموشی
سیلاب کے بعد سے آج تک نہ کوئی سرکاری نمائندہ متاثرہ علاقوں میں پہنچا، نہ کوئی ریلیف کیمپ قائم ہوا، نہ خیمے ملے اور نہ راشن یا ادویات۔ شکیوٹ کے باسی اب بھی اُمید لگائے بیٹھے ہیں کہ شاید حکومت ان کی آواز سنے، شاید خیمے آئیں، شاید پینے کا پانی مہیا ہو، شاید دوا پہنچے۔ مگر فی الحال یہ سب صرف دعاؤں میں ہے، زمین پر کچھ بھی نہیں۔
موسم کی شدت اور حکومتی غفلت کا دوہرا وار
سیلاب زدگان اس وقت دو محاذوں پر لڑ رہے ہیں: ایک قدرت کی طرف سے آئی آفت، اور دوسرا حکومت کی غفلت۔ سخت گرمی، خیموں کی کمی، پانی کی عدم دستیابی، بچوں کی بیماری اور کھانے کی قلت نے اس قدرتی المیے کو ایک انسانی المیے میں بدل دیا ہے۔ شکیوٹ، بارگو، شروٹ اور بیارچی کے لوگ اب محض متاثرین نہیں، وہ مظلوم بھی ہیں—قدرت کے ہاتھوں، اور بے حس نظام کے ہاتھوں۔