تحریر
بلال یاسر


باجوڑ

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور ایک اور ممکنہ فوجی آپریشن کی خبروں کے تناظر میں عوامی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ حال ہی میں ضلع ہیڈکوارٹر خار میں امن کے قیام اور آپریشن کے خلاف ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں نہ صرف باجوڑ بلکہ ملحقہ قبائلی علاقوں کے نمائندہ وفود اور سیاسی قائدین نے بھی شرکت کی۔

جلسے کے منتظمین اور مقررین نے واضح الفاظ میں کہا کہ قبائلی اضلاع میں ایک مرتبہ پھر شدت پسندی، ٹارگٹ کلنگ اور دھماکوں کی نئی لہر نے عوام کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ لوگوں کی معمولاتِ زندگی، تعلیم، صحت اور کاروبار بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

‘مزید نقل مکانی نہیں چاہتے’

امن جلسے کے موقع پر ضلع بھر کے تجارتی مراکز میں مکمل شٹرڈاؤن رہا، جس سے عوامی حمایت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ کے رہنما مولانا خان زیب کے حالیہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اور مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوجی آپریشن کے بجائے امن کے قیام کے لیے متبادل حل تلاش کیے جائیں۔ مقررین نے بتایا کہ ماموند سمیت کئی علاقے گزشتہ کئی مہینوں سے مسلسل خوف کے سائے میں ہیں۔ مقامی رہائشی خان زمان نے کہا:”ایک تو وادی میں تعلیمی ادارے بند ہیں، دوسرا جب رات کو کسی مریض کو ایمرجنسی ہو جائے تو صبح تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ خواتین اور بچے شدید مسائل کا شکار ہیں۔”

امن کی کوشش یا وسائل پر قبضہ؟

جلسے میں خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ضلع باجوڑ کے دو ارکان صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ بدامنی کے پیچھے علاقے میں موجود قدرتی وسائل پر قبضے کی کوشش ہو سکتی ہے۔تاہم، ان منتخب نمائندوں نے فوجی آپریشن اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد کی۔
“باجوڑ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا امن مارچ اور جلسہ تھا۔ تمام سیاسی جماعتوں کے مشران، کارکنان اور اردگرد کے اضلاع سے عوام نے شرکت کی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگ ان بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی سے تنگ آ چکے ہیں۔ اب مزید بدامنی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،” سماجی کارکن روح الامین نے وائس پی کے کو بتایا۔

احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی

جلسے کے اختتام پر جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور آئندہ مرحلے میں پشاور اور اسلام آباد میں مظاہرے اور جلسے کیے جائیں گے۔ عوامی موقف نہایت واضح ہے کہ وہ بار بار کی نقل مکانی اور فوجی کارروائیوں کے منفی اثرات سے تنگ آ چکے ہیں۔ خان زمان کا کہنا تھا: “ہم اہلیان باجوڑ پرامن لوگ ہیں۔ دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم ہمیشہ کے لیے پرامن رہنا چاہتے ہیں۔ باجوڑ کے عوام کو مزید ذلیل نہ کیا جائے۔ یہ کسی ایک پارٹی، تنظیم یا لیڈر کی بات نہیں بلکہ پوری باجوڑ کی اجتماعی آواز ہے۔”

پائیدار امن کی ضرورت

باجوڑ میں ہونے والا یہ اجتماع ایک واضح پیغام ہے کہ قبائلی عوام مزید تصادم یا آپریشن نہیں چاہتے بلکہ وہ مذاکرات، سیاسی عمل اور پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔ یہ جلسہ صرف ایک احتجاجی اجتماع نہیں بلکہ برسوں کے زخموں، محرومیوں اور مطالبات کی بازگشت بھی ہے۔ اب یہ ریاست، سیکیورٹی اداروں اور پالیسی سازوں پر منحصر ہے کہ وہ اس آواز کو سنیں اور ایسے فیصلے کریں جو طاقت کے بجائے انصاف، ترقی اور امن پر مبنی ہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here