15 جولائی 2025

سٹاف رپورٹ:


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کے رہنما “آر یا پار” جیسی باتیں کریں گے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں روکنے کے لیے گرفتاریوں سمیت تمام ممکنہ احتیاطی اقدامات کریں گے۔ عمران خان کے بیٹے پاکستان نہیں آرہے لیکن اگر وہ احتجاج کا حصہ بنے تو کارروائی ہو گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کی تیاری شروع کر دی ہے اور حکومت کو چیلنج دیا ہے کہ نوے روز کے اندر ’آر یا پار‘ ہو گا۔

اس تناظر میں آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، خصوصاً انٹیلیجنس ایجنسیوں کا کام ہے کہ وہ یہ معلوم کریں کہ آیا تحریک انصاف کے رہنما صرف احمقانہ بیانات دے رہے ہیں یا واقعی کسی احمقانہ اقدام کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں اور اگر ایسا ہے تو ان کے خلاف پیشگی کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، لیکن حکومت کے پاس ایسے ذرائع موجود ہوتے ہیں جن کے ذریعے یہ جانا جا سکتا ہے کہ اجتماع کا مقصد کیا ہے۔

‘عمران خان کے بیٹے پاکستان نہیں آ رہے’۔ رانا ثناء اللہ

عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کی اطلاع کے مطابق عمران خان کے بیٹے پاکستان نہیں آ رہے۔ تاہم اگر وہ اپنے والد سے ملاقات کے لیے آنا چاہیں تو یہ ان کا حق ہے، لیکن انہیں احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر وہ کسی قسم کے احتجاج کا حصہ بنتے ہیں تو قانون ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ نہ حکومت اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ کی سطح پر کوئی بیک چینل مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق صرف انتظامی سطح پر احتجاج سے متعلق بات چیت کی جاتی ہے۔

‘پولیس کا اختیار متاثر نہیں ہوگا، صرف فرنٹیئر کانسٹیبلری کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے’

پروگرام میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کیے جانے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ کوئی بڑا قدم نہیں بلکہ صرف فورس کا نام بدلا گیا ہے اور اس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے۔ تاہم، اس کے اختیارات وہی رہیں گے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اور اب اسے پورے ملک میں کارروائی کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

اس آرڈیننس کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کو ضابطہ فوجداری، انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پولیس آرڈر 2002 کے تحت وہی اختیارات حاصل ہوں گے جو پولیس کو حاصل ہیں یعنی اب یہ فورس ایف آئی آر درج کر کے کسی بھی شخص کو گرفتار کر سکتی ہے۔

تاہم رانا ثناء اللہ نے وضاحت کی کہ پولیس کے اختیارات متاثر نہیں ہوں گے اور فیڈرل کانسٹیبلری کو علیحدہ سے پولیس کا اختیار دینا آئین کے خلاف ہوگا۔ ان کے مطابق یہ اقدام صرف انتظامی بہتری کے لیے ہے، نہ کہ پولیس کا متبادل بنانے کے لیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here