15 جولائی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: پاکستان کے اعلیٰ ترین عدالتی پالیسی ساز فورم نے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لیے ایک ادارہ جاتی باڈی قائم کر دی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ملک کے ایک دیرینہ انسانی حقوق کے چیلنج سے نمٹنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے 53ویں اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کیمٹی نے جبری گمشدگیوں کے مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ عدلیہ اپنے آئینی فرض یعنی بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ یہ ہر سال ہوتا ہے، بعض اوقات تو ایک سال میں کئی بار بھی، لیکن کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ میرے نزدیک حل یہ ہے کہ سب سے پہلے یہ عمل بند کیا جائے، اور اس کے بعد ایک سچائی اور مفاہمتی کمیشن بنایا جائے۔ ہر چند ماہ یا سال بعد بے مقصد کمیٹیاں اور ادارے بنانا صرف احتساب سے بچنے کی روایت کو تقویت دے رہا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایگزیکٹو کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ادارہ جاتی حکمت عملی ترتیب دے گی، جسے اٹارنی جنرل آف پاکستان کے ذریعے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔
لاپتہ افراد کے حقوق کے لیے سرگرم سماجی کارکن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ کیا اس کمیٹی نے متاثرین یا اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کیا؟ ہمیں تو کسی نے نہیں اپروچ کیا۔ انہوں نے مزید کہا، میں تین ہزار سے زائد کیسز کی ترجمانی کر رہی ہوں، جن میں ڈیڑھ ہزار کمیشن آف انکوائری میں رجسٹرڈ ہیں اور گیارہ سو سے بارہ سو کیسز سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔ اگر واقعی سنجیدگی ہوتی تو ان کیسز کی باقاعدہ سماعت شروع کی جاتی۔ یہ پہلی بار نہیں، اس سے قبل جی ایچ کیو، وزارت قانون اور دیگر ادارے بھی کمیٹیاں بنا چکے ہیں، مگر متاثرین کی آواز شامل کیے بغیر۔ جب تک متاثرین اور کو سنا نہیں جائے گا، یہ اقدامات نتیجہ خیز نہیں ہوں گے۔
جبری گمشدگیاں پاکستان میں ایک عرصے سے ایک حساس اور متنازع معاملہ رہی ہیں، خاص طور پر بلوچستان جیسے علاقوں میں، جہاں لاپتہ افراد کے اہلخانہ اور انسانی حقوق کے کارکنان ریاستی اداروں پر ماورائے عدالت گرفتاریوں اور ہلاکتوں کے الزامات عائد کرتے ہیں۔ پاکستانی حکام ان الزامات کو اکثر بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرتے آئے ہیں۔
پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے معاملات کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے 2011 میں کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیرنسز قائم کیا گیا جو کہ اب بھی فعال ہے، تاہم اسے شفافیت، جوابدہی اور مؤثر کارروائی کے فقدان پر شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔