۱۶ جولائی ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
ضلع قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں 16 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر ہسپتال کے وارڈ بوائے اور اس کے دو نامعلوم ساتھیوں نے اجتماعی زیادتی کی۔ واقعہ کی ایف آئی آر لڑکی کے والد عبدالجبار کی مدعیت میں تھانہ کوٹ رادھا کشن میں درج کر لی گئی ہے، جس میں مرکزی ملزم ذیشان کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان تاحال نامعلوم ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، متاثرہ لڑکی کا کزن محمد عمر گزشتہ چار روز سے سول ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں زیر علاج تھا، جہاں اسے روزانہ آکسیجن دی جاتی تھی۔ 13 جولائی کی رات دس بجے متاثرہ لڑکی اپنی چچی کے ہمراہ ہسپتال گئی۔ کچھ دیر بعد وہ واش روم کے لیے باہر نکلی تو اسے وارڈ بوائے ذیشان ملا، جس سے اس نے بچہ وارڈ کا راستہ پوچھا۔ ذیشان نے اسے بچہ وارڈ لے جانے کے بہانے ہسپتال کی تیسری منزل پر واقع ایک کمرے میں لے جا کر بند کر دیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے شور مچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اس کے منہ پر کپڑا باندھ دیا اور کمرے میں موجود تاروں سے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے۔ بعد ازاں، ذیشان نے اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کو فون پر بلایا، جو موقع پر پہنچے اور تینوں نے مبینہ طور پر لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو واقعے کی اطلاع 15 پر کال کے ذریعے ملی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ تفتیشی افسر آصف اقبال کے مطابق، ہسپتال کی تیسری منزل پر ایک کمرہ بند پایا گیا جس کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ پولیس کو دیکھ کر مرکزی ملزم ذیشان نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی، جس سے اس کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اسے شدید زخمی حالت میں لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہے۔
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ذیشان کی صحت بہتر ہونے کے بعد اس سے مزید تفتیش کی جائے گی تاکہ باقی دو نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔ پولیس نے مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 375-اے کے تحت اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کیا ہے، اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب، سول ہسپتال کوٹ رادھا کشن کی انتظامیہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں سینئر ڈاکٹرز شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور رپورٹ جلد از جلد پیش کرے۔