17 جولائی 2025

سٹاف رپورٹ:

سینیئر سیاست دان اور سابق سینیٹر افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم نے صوبوں کو خودمختاری دی تھی، لیکن مائنز اینڈ منرلز بل اور دیگر حالیہ اقدامات سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ملک میں آئینی نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے اور ایک نیا ون یونٹ بن رہا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری صوبے کی سول آرمڈ فورس تھی، جسے اب وفاق کے ماتحت دے کر صوبوں کو ’ڈس آرم‘ کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جسے اب ملک بھر میں کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔

اس آرڈیننس کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کو ضابطہ فوجداری، انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پولیس آرڈر 2002 کے تحت وسیع اختیارات حاصل ہوں گے۔

فوجداری قوانین کے ماہر وکیل شبیر گگیانی کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری کی حیثیت میں یہ تبدیلی اٹھارویں ترمیم کے منافی ہے۔

تاہم وفاقی وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری بننے سے پولیس کے اختیارات متاثر نہیں ہوں گے اور یہ فورس صرف غیر معمولی حالات میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کیونکہ ماضی میں ہر ہنگامی صورتِ حال میں فوج کو طلب کرنا پڑتا تھا۔ اب یہ فورس ایک قومی علامت کے طور پر سامنے آئے گی۔

شبیر گگیانی نے خبردار کیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی تشکیل سے صوبائی پولیس کے دائرہ کار میں مداخلت ہوگی، خاص طور پر اس صورت میں جب مرکز اور صوبے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومت ہو۔ اس سے بدانتظامی اور اختیارات کی کشمکش پیدا ہوسکتی ہے۔

جب بیرسٹر عقیل ملک سے پوچھا گیا کہ کیا فیڈرل کانسٹیبلری عام شہریوں کو گرفتار کر سکے گی تو انہوں نے واضح کیا کہ اس فورس کے پاس تھانے نہیں ہوں گے، اس لیے یہ عام پولیس کی طرح گرفتاری نہیں کر سکے گی۔

تاہم شبیر گگیانی نے اس دلیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’تھانے تو فوج کے پاس بھی نہیں ہوتے تھے، لیکن پھر بھی انہیں لوگوں کو حراست میں رکھنے کے لیے انٹرنمنٹ سینٹرز کی اجازت دے دی گئی تھی‘‘۔

مائنز اینڈ منرلز بل پر بات کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ معدنیات تو اٹھارویں ترمیم سے پہلے بھی صوبائی معاملہ تھیں، اب وفاق انہیں اپنے کنٹرول میں کیسے لے سکتا ہے اور ان پر سودے کیسے کر سکتا ہے؟ انہوں نے طنزاً کہا، ’’کیا صدر ٹرمپ کی خواہش پر ہم اپنے پہاڑ کھود کر امریکہ کے حوالے کر سکتے ہیں؟‘‘

جب وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک سے سوال کیا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز بل کے بعد صوبوں اور وفاق کے درمیان ریونیو کیسے تقسیم ہوگا، تو ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو مائنز اینڈ منرلز کی رائلٹی اور ریونیو ضرور ملنا چاہیے، اور وفاق کو ایکسپورٹ میں صوبوں کی مدد کرنی چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here