18 جولائی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: جمعرات کی روز ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے زیرِ اہتمام اور یورپی یونین کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک اہم قومی راؤنڈٹیبل کا انعقاد کیا گیا، جس میں اظہارِ رائے اور ڈیجیٹل آزادیوں پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 اور اس میں 2025 کی حالیہ ترامیم کے اثرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
راؤنڈ ٹیبل میں صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ماہرینِ قانون اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پیکا اور دیگر قوانین کا استعمال آزادیٔ اظہار کو دبانے، صحافیوں کو ہراساں کرنے اور عام شہریوں کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل خود اپنے یوٹیوب چینل پر پابندی کا نشانہ بننے والے سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے کہا کہ، “یوٹیوب چینلز اور صحافیوں کے اکاؤنٹس بغیر کسی نوٹس اور وضاحت کے بند کیے جا رہے ہیں، ہمیں اپنی صفائی کا موقع تک نہیں دیا جاتا، یہ نہ صرف آزادیٔ اظہار بلکہ بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔”
صحافی اسد طور نے کہا، “آن لائن پلیٹ فارمز پر جو بھی ریاستی بیانیے سے اختلاف کرتا ہے، اسے خاموش کرا دیا جاتا ہے۔ عدالت میں صفائی کا کوئی موقع نہیں دیا جاتا، صرف ایک حکم آ جاتا ہے کہ اسے بلاک کر دو۔”
راونڈ ٹیبل میں شریک
ٹی وی اینکر اور صحافی ابصا کومل نے کہا کہ اب صحافیوں کو صرف گرفتار نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں مالی طور پر کمزور کیا جاتا ہے، اشتہارات بند کیے جاتے ہیں، پروگرام روک دیے جاتے ہیں اور میڈیا اداروں پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ مخصوص صحافیوں کو کام نہ دیا جائے۔
ایچ آر سی پی کی شریک چیئرپرسن اور معروف صحافی منیزے جہانگیر نے کہا کہ، “اگر ہم تقسیم رہے تو حکام ہمیں مزید کمزور کریں گے، ہمیں میڈیا، سول سوسائٹی اور وکلا کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اجتماعی مزاحمت کی حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔”
سینئر صحافی ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ، “یہ صرف صحافت کو دبانے کی بات نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کو خاموش کرانے کی منظم کوشش ہے، ہمیں اجتماعی مزاحمت اور مؤثر قانون سازی کی مہم کی ضرورت ہے۔”
سینئر سیاستدان اور انسانی حقوق کے سرگرم رہنما فرحت اللہ بابر نے مطالبہ کیا کہ، “سینیٹ کی انفارمیشن کمیٹی ایف آئی اے سے پیکا کے تمام کیسز کی تفصیلات طلب کرے اور انہیں عوام کے سامنے لایا جائے، ساتھ ہی ایک خودمختار کمیشن بنایا جائے جو پیکا اور توہینِ مذہب کے قوانین کے غلط استعمال کا جائزہ بھی لے۔”
راؤنڈ ٹیبل کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پیکا جیسے قوانین میں یا تو بنیادی نوعیت کی اصلاحات کی جائیں یا انہیں مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی یہ عزم بھی کیا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحد ہو کر ڈیجیٹل حقوق اور آزادیٔ اظہار کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہو گی، کیونکہ اس خاموشی کا انجام صرف صحافت کی تباہی نہیں بلکہ اس سے جمہوریت کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔