22 جولائی 2025
تحریر: شوکت کورائی
کراچی
بلوچستان کے ضلع قلات میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے معروف گٹارسٹ آصف حسین صابری کی ستر سالہ والدہ رضیہ سلطانہ غم سے نڈھال ہیں۔ بیٹے کی ناگہانی موت نے ان کے دل پر گہرا صدمہ چھوڑا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ ریاستی پالیسیوں اور نظامِ انصاف پر بھی شدید برہم نظر آتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے:
“یہ سب کچھ اس ریاست اور ان حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ حکمران اپنی کرسیوں پر براجمان تو ہیں، مگر انھیں یہ ادراک نہیں کہ ان کی پالیسیوں نے عام لوگوں کی زندگیوں کو کس قدر خطرے میں ڈال دیا ہے۔” رضیہ سلطانہ کہتی ہیں کہ انھوں نے جب آخری بار اپنے بیٹے کی ویڈیوز دیکھیں تو وہ ہنستا مسکراتا بس میں سوار ہو رہا تھا، انھیں کیا معلوم تھا کہ یہی سفر اس کی زندگی کا آخری سفر ہوگا۔
“یقین ہی نہیں آیا کہ آصف اب نہیں رہا”
آصف حسین کے بھائی، کاشف حسین، واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ جب انھیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ان کے بھائی کو قتل کر دیا گیا ہے، تو وہ ششدر رہ گئے۔
“مجھے یقین نہیں آیا، لیکن جب ویڈیوز اور میڈیا رپورٹس سامنے آئیں تو حقیقت کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے سے کچھ دیر پہلے میری آصف سے بات ہوئی تھی۔ کون جانتا تھا کہ وہ آج ہمارے درمیان نہیں ہوگا۔”
فنکاروں کی بس پر قاتلانہ حملہ
قاتلانہ حملے کا شکار ہونے والے تینوں افراد کا تعلق صابری خاندان سے تھا۔ آصف حسین ایک معروف گٹارسٹ تھے، جبکہ محمد احمد اور ان کا جواں سال بیٹا رضا احمد قوال تھے۔ محمد احمد، معروف قوال ماجد علی کے بھائی اور رضا ان کا بھتیجا تھا۔ یہ سب افراد کوئٹہ میں ایک شادی کی تقریب میں قوالی کے پروگرام کے لیے جا رہے تھے۔
بس قلات شہر میں کھانے کے لیے رکی۔ جیسے ہی تمام مسافر دوبارہ بس میں سوار ہوئے اور سفر شروع کیا، کچھ ہی فاصلے پر مسلح افراد نے بس کو روکا، اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ عینی شاہد اور مقتول محمد احمد کے بھائی، ندیم صابری، جو خود بھی بس میں موجود تھے، بتاتے ہیں:
“فائرنگ اتنی اچانک تھی کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔ میرے بھائی محمد احمد، بھتیجا رضا احمد اور آصف حسین موقع پر ہی جان سے گئے۔ تیرہ سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔” ندیم صابری مزید کہتے ہیں کہ وہ تو فنکار لوگ تھے، ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ انھیں کبھی یہ خدشہ نہیں ہوا تھا کہ ان کی زندگی اس طرح خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
“ہم قوال ہیں، دہشت گرد نہیں”
صابری خاندان کے بڑے اور معروف قوال ماجد علی، جو خود اس قافلے کا حصہ نہ تھے، مگر دوسرے روز کوئٹہ روانہ ہونے والے تھے، واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: “ہم کئی بار بلوچستان کے مختلف شہروں میں گئے، ایک ماہ پہلے بھی ایک شادی میں قوالی کی۔ ہمیں کبھی کوئی خوف نہیں ہوا۔ اس بار بھی سب ایک پرامن شادی میں جا رہے تھے، لیکن یہ حادثہ سب کچھ بدل گیا۔”
قومی سطح پر سوالات
جاں بحق ہونے والوں کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے پیر الٰہی بخش کالونی میں ادا کی گئی، جس میں اہلِ علاقہ کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر سندھ، صوبائی وزیر سعید غنی، اور دیگر اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا: “یہ ایک سازش ہے جو ملک کو اندر سے کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ہم بلوچستان میں پرامن جدوجہد کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ کراچی اور بلوچستان کے حالات ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں، اور ان کا حل نکالنا اب ہماری قومی ضرورت ہے۔”
قلات واقعے نے جہاں تین ہنستے کھیلتے خاندانوں کو ماتم کدہ بنا دیا، وہیں ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ کیا ریاست اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے؟ کیا فن اور ثقافت سے وابستہ افراد بھی اب اس معاشرے میں غیر محفوظ ہو چکے ہیں؟ اور سب سے اہم بات، ان خاندانوں کو انصاف کب اور کیسے ملے گا؟