23 جولائی 2025

رپورٹ: رانا مالہی


بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کے حق میں اسلام آباد پریس کلب کے باہر جاری احتجاج آج آٹھویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ مظاہرین اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس احتجاج میں بچے، نوجوان اور بزرگ خواتین شریک ہیں، جو اپنے عزیزوں کی تصاویر اٹھائے، ان کی واپسی کی امید لیے، ہزاروں میل دور بلوچستان سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ یہاں حکومت وقت ان کی آواز سنے گی۔

دس سالہ معصومہ، جو گزشتہ کئی برسوں سے اپنے والد جہانزیب بلوچ کی بازیابی کے لیے مختلف شہروں میں احتجاج کرتی آئی ہے، اس بار دوسری مرتبہ اسلام آباد پہنچی ہے۔ اسے امید ہے کہ اس بار اس کے والد سمیت دیگر لاپتہ افراد واپس آ جائیں گے۔ اس کے ساتھ بیٹھی گیارہ سالہ سیرت کی کہانی بھی کچھ مختلف نہیں۔ وہ بھی اپنے لاپتہ والد کی تلاش میں اسلام آباد پہنچی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کے والد گریڈ اٹھارہ کے سرکاری افسر تھے، اور اُن کی بازیابی کے لیے “میں نے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے”۔

یہاں مختلف خاندانوں کی کہانیاں ایک جیسی ہیں۔ اسی لیے سب کا مطالبہ بھی ایک ہی ہے: حکومت ان کے پیاروں کو بازیاب کر کے ان کی بےیقینی اور اذیت کا خاتمہ کرے۔

دو ہزار سولہ سے لاپتہ نصراللہ بلوچ کی بازیابی کی امید لیے، اس کی تیرہ سالہ بہن ردا پچھلے کئی برسوں سے احتجاج کر رہی ہے۔ ردا کا کہنا ہے کہ اس کا بھائی نصراللہ ایک فٹبال کھلاڑی تھا، جو کوئٹہ سے لاپتہ ہوا۔

جبکہ سخت گرمی اور دھوپ سے بچنے کے لیے ہاتھ میں چھتری تھامے، اسی سالہ بی بی غوری دو ہزار بارہ سے لاپتہ اپنے جگر گوشے کی واپسی کی امید لیے ہر موسم میں احتجاج میں شریک رہتی ہیں، خواہ گرمی ہو یا بارش۔ مگر انہیں شکوہ ہے کہ وہ کراچی سمیت ملک کے ہر بڑے شہر میں اپنے جگر گوشے کی تلاش میں جا چکی ہیں، مگر کہیں بھی شنوائی نہیں ہوئی۔

ان مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here