30 جولائی 2025
تحریر
شیریں کریم
گلگت بلتستان میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج نویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ تاجر ایکشن کمیٹی کے بینر تلے مظاہرین نے چین کو پاکستان سے ملانے والی اہم شاہراہ قراقرم پر دھرنا دے رکھا ہے، جس کے باعث سوست بارڈر سے ہونے والی امپورٹ اور ایکسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ علاقہ ہے، اس لیے یہاں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کا نفاذ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
احتجاج کرنے والوں کو نہ صرف وزیراعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان کی حمایت حاصل ہے بلکہ علماء کرام، سول سوسائٹی اور مقامی تنظیمیں بھی تاجروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہی ہیں۔
احتجاج کے دوران گرفتاریاں اور رہائی
گزشتہ ہفتے ہنزہ کی ضلعی انتظامیہ نے احتجاج کی تیاریوں کے دوران تین تاجروں کو گرفتار کیا تھا، تاہم عوامی دباؤ کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔
تاجر رہنما عباس میر کا کہنا تھا: “ہم نے پُرامن احتجاج کیا، مگر مجھے آدھی رات کو گھر سے گرفتار کیا گیا۔ ہمیں یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اس ملک کے شہری ہی نہیں، جیسے ہماری کوئی آواز نہیں۔”
“یہ معیشت کی بقا کی جنگ ہے”
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف ٹیکسوں کا فیصلہ واپس لیا جائے بلکہ بارڈر ٹریڈ سسٹم میں شفافیت لائی جائے اور فیصلوں میں مقامی تاجروں کو شامل کیا جائے۔
مقامی تاجر فرمان نے وائس پی کے کو بتایا، “ہم نے اپنی پوری زندگی اس بارڈر سے جُڑی تجارت میں لگا دی، اور اب ہمیں چھاپوں، گرفتاریوں اور بے عزتی کا سامنا ہے۔ کیا یہ ہمارا قصور ہے کہ ہم اپنے حق کی بات کر رہے ہیں؟”
تاجر رہنما جاوید حسین کا کہنا تھا گلگت بلتستان کی معیشت اسی بارڈر سے چلتی ہے۔ “اگر ہمیں نظرانداز کر کے فیصلے کیے جائیں گے تو ہم کیسے خاموش رہیں؟ ہم کوئی سیاست نہیں کر رہے، صرف عزت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔”
ڈاکٹر امجد چنگیزی کے بقول یہ صرف تاجروں کا مسئلہ نہیں، یہ پورے خطے کا معاشی مستقبل ہے۔ “ہم یہاں حکومتی بےحسی کے خلاف کھڑے ہیں۔ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج پورے گلگت بلتستان میں پھیل جائے گا۔”
چینی شہری بھی متاثر، واپسی میں مشکلات
سوست بارڈر کی بندش کے باعث علاقے میں موجود چینی شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ چینی مسافروں نے شکایت کی ہے کہ شاہراہ بند ہونے کے سبب وہ اپنے ملک واپس نہیں جا پا رہے۔
تاجر ڈٹے ہوئے۔ ان کا کہنا ہے “فیصلہ حکومت کو کرنا ہے”۔ تاجر قیادت کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ٹیکسز کا فیصلہ واپس نہیں لیتی، احتجاج جاری رہے گا۔ ان کے بقول ٹیکسز کا نفاذ نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ گلگت بلتستان کی خودمختاری کے بھی خلاف ہے۔ اب فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں ہے۔