31 جولائی 2025

سٹاف رپورٹ


گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اچھے بچے ہیں اور ہم جیسا کہیں گے وہ ویسا ہی کریں گے۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر علی امین گنڈاپور نے نوکری کرنی ہے تو پھر ہماری بات مانیں گے، ورنہ گھر جائیں گے۔

جب میزبان منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ کس کی نوکری کی بات ہو رہی ہے، تو فیصل کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاق کی نوکری کی بات کر رہا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تو کب سے مائنس ہو چکے ہیں۔

گورنر کنڈی نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور کی وزارتِ اعلیٰ ہماری مرہونِ منت ہے، جب تک ہم چاہیں گے وہ وزیراعلیٰ رہیں گے، جب ہم نہیں چاہیں گے تو وہ وزیراعلیٰ بھی نہیں ہوں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ وزیراعلیٰ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائیں گے، تو گورنر کا کہنا تھا کہ جب ہم نمبر گیم مکمل کر لیں گے، تب تحریکِ عدم اعتماد لائیں گے۔

یاد رہے کہ اس وقت خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی اراکین کی تعداد 93 ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس 52 ممبران موجود ہیں، اور وزیراعلیٰ بننے کے لیے 73 ارکان کی حمایت ضروری ہوتی ہے۔

‘علی امین گنڈاپور نے بھتہ دینے کا اعتراف کور کمانڈر کے سامنے بھی کیا ہے’

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں گورننس کے مسائل ہیں اور وزیراعلیٰ اپنا ضلع تک نہیں سنبھال پا رہے۔

اس حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا کہ اکثر یہ الزام لگتا ہے کہ علی امین گنڈاپور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کو بھتہ دیتے ہیں، تو گورنر نے کہا کہ یہ بات درست ہے، اور وزیراعلیٰ نے خود کور کمانڈر کے سامنے اس کا اعتراف کیا تھا۔ اس حوالے سے ایک صحافی نے وی لاگ بھی کیا تھا جس کی تردید آج تک نہیں کی گئی۔

‘اگر فوج صوبے سے نکل گئی تو صوبہ ایک ہفتہ بھی نہیں چل سکے گا’

صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف نے صوبے کو برباد کر دیا۔ ان لوگوں نے افغانستان سے عسکریت پسند لا کر دوبارہ آباد کیے اور اب کہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے۔ اگر ایسا ہوا تو صوبہ ایک ہفتہ بھی نہیں چل سکے گا۔

ممکنہ فوجی آپریشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں عسکریت پسند ہوں گے، وہاں کارروائی کی جائے گی۔ عسکریت پسند ڈرون حملے کر کے عام شہریوں کو مارتے ہیں اور الزام فوج پر لگاتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اب بھی “گڈ” اور “بیڈ” طالبان کی تفریق موجود ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ گڈ اور بیڈ طالبان کوئی چیز نہیں، صرف ایک طالب ہے اور وہ “بیڈ” طالب ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی بات سراسر غلط تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ جب پولیس دہشت گردوں کو پکڑتی ہے تو آئی ایس آئی اور ایم آئی کے لوگ آ کر کہتے ہیں کہ یہ ہمارے لوگ ہیں اور ہم انہیں اپنے کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں فوج کے خلاف زہر پھیلا رہی ہے۔ ان سے پوچھا جانا چاہیے کہ اگر فوج نکل گئی تو یہ حکومت صوبے کو کیسے سنبھالے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here