01 اگست 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے حکومتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے ملازمین شدید گرمی اور حبس کے باوجود کئی روز سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مظاہرین میں بزرگ ملازمین بھی شامل ہیں جو صبح سے شام تک اس امید میں بیٹھے ہیں کہ شاید حکومت مذاکرات کے ذریعے کوئی مثبت حل نکالے گی۔

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے نہ صرف گیارہ ہزار سے زائد ملازمین متاثر ہو رہے ہیں بلکہ سبسڈی والے راشن پر انحصار کرنے والے لاکھوں شہری بھی اس اقدام سے پریشان ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن گزشتہ 54 برسوں سے آٹا، چینی، گھی اور دیگر ضروری اشیاء عوام کو نسبتاً کم قیمت پر فراہم کر رہی تھی۔ تاہم اب ملک بھر کے چار ہزار سے زائد اسٹورز بند کیے جا رہے ہیں جس سے کم آمدنی والے افراد کو خدشہ ہے کہ انہیں مہنگی نجی مارکیٹوں کا رخ کرنا پڑے گا۔

مختلف علاقوں سے آئے ملازمین کا یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ہیڈ آفس اسلام آباد کے باہر احتجاج جاری ہے۔ ڈی جی خان سے آئے ملازم محمد صفدر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا، ہم نے سیلاب ہو یا وبا، ہر موقع پر حکومت کا ساتھ دیا اور عوام کی خدمت کی۔ اب ہمیں یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔

بزرگ ملازم سلطان احمد کا کہنا تھا، ہم ساتوں دن کام کرتے ہیں، بغیر چھٹی کے۔ حکومت نے ایک فعال ادارہ بند کر کے ہمارے لیے روزگار کے دروازے بند کر دیے ہیں۔

بہاولپور سے آئے محمد رفیق نے کہا کہ صرف ملازمین ہی نہیں بلکہ ان اسٹورز سے جڑے ہزاروں دہاڑی دار مزدور بھی متاثر ہوں گے۔ اس فیصلے سے نہ صرف بیروزگاری بڑھے گی بلکہ مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔

مظاہرین میں شامل ملک یاسر نے خدشہ ظاہر کیا کہ گیارہ ہزار ملازمین کی بیروزگاری ملک میں انارکی کو جنم دے سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ادارے بند کرنے کے بجائے ان میں احتساب کرے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر ایک منصفانہ اور مالی طور پر قابلِ عمل وولنٹری سیپریشن اسکیم (VSS) کا اعلان کرے تاکہ ملازمین باعزت طریقے سے اپنی آئندہ زندگی کی منصوبہ بندی کر سکیں۔

دوسری جانب وزارتِ صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ

“یوٹیلیٹی اسٹورز کا نظام اب اپنی افادیت کھو چکا تھا اور قومی خزانے پر اضافی بوجھ بن چکا تھا، اسی لیے بندش کا فیصلہ ناگزیر تھا۔”

مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here