۴ آگست ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آنے والے مبینہ گینگ ریپ کے واقعے میں ملوث تیسرا ملزم بھی کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے کیے گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ اس سے قبل اسی کیس میں گرفتار کیے گئے دو دیگر ملزمان اویس اور ارشاد بھی یکم اگست کو ایک مبینہ مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ 30 جولائی کو چوہنگ کے ایک نواحی علاقے میں پیش آیا تھا۔ متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کھیتوں میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اسی دوران تین افراد نے ان پر حملہ کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ان تینوں افراد کی عمریں 18 سے 28 سال کے درمیان تھیں۔ متاثرہ شہری کے بیان کے مطابق، ان افراد نے نہ صرف اس کی اہلیہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی بلکہ فون کے ذریعے ایک چوتھے شخص کو بھی موقع پر بلا لیا، اور زیادتی کے دوران ویڈیو بھی بنائی گئی۔

واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ نے یکم اگست کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے اویس اور ارشاد نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، جب ان دونوں ملزمان کو تھانہ چوہنگ لے جایا جا رہا تھا تو راستے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس موقع پر انہوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

اس واقعے کے چند روز بعد، سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن نے ایک اور گرفتاری کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق زاہد نامی ایک اور ملزم کو حراست میں لیا گیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ بھی اس واردات میں ملوث تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد نے یہ اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں اویس، ارشاد اور عمران کے ساتھ مل کر متاثرہ خاتون سے زیادتی کی تھی۔ پولیس کے مطابق، زاہد نے اپنے ساتھی ملزم عمران کے چھپنے کی جگہ کے بارے میں بھی اطلاع فراہم کی۔

پولیس بیان کے مطابق، سی سی ڈی کی ٹیم ملزم زاہد کو ساتھ لے کر ملزم عمران کے ممکنہ ٹھکانے پر پہنچی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہاں پہنچنے پر ملزم عمران اور دیگر نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی دفاعی فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق، اسی دوران ملزم زاہد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا تاہم وہ بھی راستے میں دم توڑ گیا۔ دوسری جانب، پولیس کا دعویٰ ہے کہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم عمران موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
پنجاب میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے قیام کے بعد سے پولیس مقابلوں اور ان کے دوران گرفتار ملزمان کی ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔ سی سی ڈی کی جانب سے ہر واقعے کے بعد جاری کیے گئے بیانات میں یہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ ملزمان نشاندہی کے لیے لے جاتے وقت اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ ان مسلسل پیش آنے والے واقعات پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here